اسلام آباد(پی این آئی)رواں ماہ کے آخر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے لیے سوشل میڈیا صارفین نے انجری کا شکار شاہین شاہ آفریدی کا متبادل ڈھونڈ لیا۔گزشتہ روز یہ خبر سامنے آئی کہ شاہین کو مزید آرام تجویز کیا گیا ہے جس کے باعث وہ ایشیا کپ اور انگلینڈ کی ہوم سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق مذکورہ خبر آتے ہی ٹوئٹر پر فاسٹ بولر محمد عامر کا نام ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔محمد عامر نے بھی ٹوئٹر پر سوال کیا ہے کہ میں ٹوئٹر پر کیوں ٹرینڈ کر رہا ہوں؟۔
دوسری جانب ایشیاء کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ ہماری ٹیم میں ہر کھلاڑی میچ ونر ہے۔مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم میں ہر کھلاڑی میچ ونر ہے۔انہوں نے اپنے مداحوں کو کہا ہے کہ میری جلد صحت یابی کیلئے اپنی دعائوں میں یاد رکھیں۔قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے کہا کہ انشاء اللّٰہ میں جلد واپس آئوں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈی پینڈنٹ اسپیشلسٹس نے تازہ ترین اسکینز اور رپورٹس کی روشنی میں شاہین شاہ آفریدی کو 4 سے 6 ہفتے آرام کی تجویز دی تھی۔فاسٹ بولر اے سی سی ٹی ٹوئنٹی ایشیاء کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہو گئے ہیں،ان کی ممکنہ طور پر نیوزی لینڈ میں اکتوبر میں ہونے والی سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے کرکٹ میں واپسی ہو گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں