اسلام آباد (پی این آئی ) قطر میں ہونے والےفٹ بال ورلڈ کپ 2022 میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال ’الریحلہ‘ استعمال ہوگا، اس طرح عالمی ایونٹ میں پاکستانی کی نمائندگی ہوگی۔دنیا نیوز کے مطابق سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے میچوں میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال ’الریحلہ‘ استعمال کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس نے ایڈیڈاز کے لیے الریحلہ فٹ بال تیار کیا ہے جو فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں استعمال ہوگا۔شیخ زوہیب رفیق سیٹھی کے مطابق یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ ورلڈ کپ میں سیالکوٹ میں تیار ہونے والا فٹ بال استعمال ہو رہا ہو، انہوں نے کہا کہ یہ تیسری دفعہ ہے کہ فیفا ورلڈ کپ میں فارورڈ اسپورٹس کا برانڈ استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ الریحلہ بال کو قطر کی ثقافت کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے،
اس کی تیاری میں استعمال ہونے والا مواد بائیو بیسڈ ری سائیکلنگ میٹریل ہے اور اس کی تیاری میں ماحول دوست پانی پر مبنی کیمیکل استعمال کیا گیا ہے۔شیخ زوہیب سیٹھی کے مطابق تیار کیا جانے والا بال 20 پینلز پر مشتمل ہے اور اسے دنیا کے بہترین فٹ بال میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں