سری لنکا کے سابق کرکٹر پیٹرول کیلئے قطار میں  کھڑے لوگوں کی خدمت کے لیے پہنچ گئے

اسلام آباد (پی این آئی )سری لنکا کے سابق کرکٹر روشن ماہنامہ نے دارالحکومت کولمبو میں پیٹرول کے لیے کئی گھنٹوں سے لمبی قطار میں لگے لوگوں کو بن اور چائے پیش کی جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر زرِ گردش ہیں۔سری لنکا ان دنوں بدترین مالی بحران کا شکار ہے اور ملک میں غذائی اشیا سمیت دیگر سہولیات کا بحران ہے۔اسی حوالے سے حکومت نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ذخیرہ کیا گیا ایندھن آئندہ 5 روز میں ختم ہوجائے گا،

حکومتی اعلان کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے پیٹرول پمپس کا رخ کیا جس سے پمپس پر طویل قطاریں لگ گئیں۔ایسے میں سابق کرکٹر روشن ماہنامہ لوگوں کے لیے کسی مسیحا سے کم ثابت نہ ہوئے، انہوں نے تھکے ہارے اور بھوکے پیاسے لوگوں کے لیے چائے اور بن تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم نے آج شام کمیونٹی میل شیئر کی ٹیم کے ہمراہ پیٹرول کےلیے قطاروں میں کھڑے لوگوں کو چائے اور بن پیش کیے‘۔

سابق سری لنکن کرکٹر نے لکھا کہ ’قطاریں دن بہ دن لمبی ہوتی جا رہی ہیں اور قطاروں میں رہنے والے لوگوں کی صحت کو بہت سے خطرات لاحق ہوں گے‘۔ روشن ماہنامہ نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں کہا کہ ’براہِ کرم، ایک دوسرے کا خیال رکھیں، مناسب مشروبات اور کھانا ساتھ لائیں اور اگر آپ کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے تو، اپنے قریب ترین شخص سے رابطہ کریں اور مدد طلب کریں یا 1990 پر کال کریں‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں