بابراعظم نے ایک اور معرکہ مار لیا، جو کام دنیا کا کوئی بلے باز نہ کر سکا وہ کر دکھایا

ملتان (پی این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک کے بعد ایک ریکارڈ توڑنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، آج کے میچ میں انہوں نے لگاتار نو نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔کرک انفو کے مطابق بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 77 رنز کی اننگز کھیلی ۔اس کے ساتھ ہی وہ کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں لگاتار نو نصف سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔

 

انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 196 ، تیسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 67 اور دوسری میں 55 رنز بنائے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں 57، دوسرے میں 114 اور تیسرے ون ڈے میں 105 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کے خلاف واحد ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ آسٹریلیا کے خلاف اب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ انہوں نے پہلے ون ڈے میں 103 جب کہ دوسرے ون ڈے میں 77 رنز بنائے۔خیال رہے کہ بابر اعظم نے پہلے ون ڈے میں بھی سنچری سکور کرکے منفرد ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔ یہ ان کی ون ڈے فارمیٹ میں مسلسل تیسری سنچری تھی، پہلی دو سنچریاں انہوں نے آسٹریلیا کے خلاف بنائی تھیں۔ اس کے ساتھ ہی وہ ون ڈے میں دو بار لگاتار تین سنچریاں سکور کرنے والے دنیا کے پہلے بلے باز بنے۔ انہوں نے پہلی بار لگاتار تین سنچریاں 2016 میں بنائی تھیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں