عاطف رانا نے شاہین کو مہنگی گاڑی تحفے میں دیدی

اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان سپر لیگ سیون کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے کے سی ای او عاطف رانا نے کپتان شاہین آفریدی کو اپنے زیر استعمال مہنگی گاڑی تحفے میں دیدی۔نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق لاہور قلندرز کے سی او او ثمین رانا نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ پی ایس ایل سیون کے آغاز سے قبل میرا انعامات کی تقسیم کا کوئی پلان نہیں تھا لیکن جب فخر زمان نے سنچری اسکور کی تو میں نے کہا کہ نہیں یہ تو بہت اسپیشل ہے اس پر فخر کو انعام ملنا چاہیے تو

بس یہیں سے اچھی کارکردگی پر کھلاڑیوں کو انعامات کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ثمین رانا کا کہنا تھا کہ شاہین کی عمر کے حوالے سے سوالات ہوتے ہیں، بے شک شاہین عمر میں چھوٹا ہے لیکن اس عمر میں بھی بہت میچوئر ہے اور اس کا دل بہت بڑا ہے، اسے جو بھی تحفہ ملتا تھا وہ ٹیم ممبرز اور سپورٹ اسٹاف میں تقسیم کر دیتا تھا جس سے اس کے بڑے پن کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ثمین رانا نے بتایا کہ دو سال سے شاہین کا عاطف کے ساتھ مذاق چل رہا تھا،

عاطف کے پاس ایک گاڑی تھی جو شاہین کو پسند تھی تو جیت کی خوشی میں شاہین کو اس کی پسند کا تحفہ دیا، میں نے شاہین سے کہا تھا کہ یہ تمھارے لیے ہے، اسے ڈونیٹ نہیں کرنا۔یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ سیون میں شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 42 رنز سے شکست دیکر پہلی مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close