کابل (پی این آئی)افغانستان کے سابق کپتان اصغر افغان نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔اصغر افغان نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ویڈیو بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وہ نمیبیاکے خلاف اپنا آخری انٹرنیشنل میچ کھیلیں گے۔یاد رہے کہ اصغر افغان نے 6 ٹیسٹ ،114 ون ڈے اور 74 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں افغانستان کی نمائندگی کی۔اس کے علاوہ اصغر افغان بحیثیت کپتان سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میچز جیتنے والے کپتان ہیں۔
انہوں نے 52 میچز میں کپتانی کرتے ہوئے42 میں کامیابی حاصل کی جبکہ بھارت کے ایم ایس دھونی نے 72 میں سے 41 میچز بحیثیت کپتان جیتے۔افغانستان کرکٹ بورڈ نے بھی اصغر افغان کی ریٹائر منٹ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق کپتان نمیبیا کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلیں گے۔افغان بورڈ نے ایک پیغام میں کہا کہ ہم اصغر افغان کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، ملک کے لیے ان کی کافی خدمات ہیں جبکہ ان کی کمی کو پورا کرنے کیلئے نوجوان افغان کرکٹرز کو کافی محنت کرنا پڑے گی ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں