لندن(پی این آئی) فٹ بال کلب نیوکاسل یونائیٹڈ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کی طرف سے 30کروڑ پاؤنڈ میں خریدے جانے کے بعد پریمیئر لیگ کا امیر ترین کلب بن گیا ہے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق معاہدے کے تحت سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے اس کلب کی ملکیت حاصل کر لی ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان اس فنڈ کے بڑ ے حصے داروں میں شامل ہیں۔ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے کلب کے 80فیصد حصص خریدے ہیں۔ باقی 20فیصد امینڈا سٹیولے کے پی سی پی کیپیٹل پارٹنرز اور برطانوی کاروباری شخصیات ریوبین بردرز میں تقسیم ہوں گے۔رپورٹ کے مطابق سعودی پبلک فنڈ کی مجموعی دولت 320ارب پاؤنڈ ہے، جو کہ پریمیئر لیگ کے کسی بھی دوسرے کلب کے مالکان سے کئی گنا زیادہ ہے۔ مانچسٹر سٹی کے مالک شیخ منصور کی دولت 23.3ارب پاؤنڈ جبکہ چیلسی کے مالک رومن ایبرامویچ کی دولت 9.6ارب پاؤنڈ ہے۔ نیوکاسل یونائیٹڈ اب قطر کی ملکیت فرنچ کلب پی ایس جی سے بھی مہنگا کلب ہے۔ واضح رہے کہ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ دنیا کا سب سے بڑا خودمختار فنڈ ہے جس نے ٹیسلا، لگژری ساحلی ریزارٹس، جنرل الیکٹرک سمیت 200سے زائد ملکی و غیرملکی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں