پاکستان کا دورہ منسوخ کرنے کے پیچھے ’مغربی تکبر‘ تھا مائیکل ہولڈنگ

اسلام آباد (پی این آئی )ویسٹ انڈیز کے سابق فاسٹ بولر مائیکل ہولڈنگ نے کہا ہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کا دورہ منسوخ کر کے ‘مغربی تکبر‘ کا مظاہرہ کیا ہے۔انگلینڈ کی مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیموں نے پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم گذشتہ ماہ انھوں نے یہ دورہ منسوخ کر دیا۔بی بی سی اردو کے مطابق انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے دورے منسوخ کرنے کی وجہ خطے میں سفر کرنے کے حوالے سے ’بڑھتے ہوئے

خدشات‘ اور بیبل ماحول میں رہنے کے ’دباؤ‘ قرار دی تھی۔مائیکل ہولڈنگ نے کہا ہے کہ ’ای سی بی کا بیان مجھے ٹھیک نہیں لگتا۔ اس کا کوئی جواز نہیں ہے۔مائیکل ہولڈنگ کا یہ بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب انھیں کرکٹ رائٹرز کلب پیٹر سمتھ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ اس موقعے پر انھوں نے کہا کہ ’کوئی بھی سامنے آ کر (دوسرے منسوخ کرنے کے فیصلے کے ردعمل) کا سامنا نہیں کرنا چاہتا کیونکہ انھیں پتا ہے کہ انھوں نے جو کیا ہے وہ غلط تھا۔‘مائیکل ہولڈنگ نے کہا ’تو انھوں نے ایک بیان جاری کیا اور بیان کے پیچھے چھپ گئے ہیں۔ مجھے اس سے وہ فضول باتیں یاد آتی ہیں جو انھوں نے بلیک لائیوز میٹر کے وقت کی تھیں۔‘’میں اس سب کو دہراتا نہیں کیونکہ میں اس بارے میں کافی کچھ کہہ چکا ہوں۔ مگر مجھے اس سے جو اشارہ ملا ہے وہ وہی مغربی تکبر کا ہے۔’میں آپ کے ساتھ ویسا ہی سلوک کروں گا جیسا میرا دل کرتا ہے، اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کیسے سوچتے ہیں، میں وہی کروں گا جو میں کرنا چاہتا ہوں۔‘ای سی بی کے فیصلہ سے تین دن قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنا پاکستان کا دورہ ’سیکیورٹی خدشات‘ کی بنا پر منسوخ کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close