بابراعظم ‘ویرات کوہلی سمیت دنیا کے بڑے بڑے بلے بازوں کا ایک اور ریکارڈ توڑنے کے قریب پہنچ گئے

لاہور (پی این آئی) پاکستان کے آل فارمیٹ کپتان بابراعظم کو وسیع پیمانے پر عالمی کرکٹ کے بہترین ٹی 20 بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ بابراعظم کی بلے کے ساتھ مستقل مزاجی انہیں ایک مضبوط بلے باز بناتی ہے۔ وہ اس سال کے شروع میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے اور 2021ء کے قومی ٹی 20 کپ میں بھی زیادہ رنز سکور کرنیوالے بلے باز ہیں ۔

26 سالہ بابراعظم نے سینٹرل پنجاب کی جانب سے سدرن پنجاب کیخلاف ایک اور نصف سنچری سکور کی جو 6 اننگز میں ان کا تیسرا ففٹی پلس سکور ہے۔ مجموعی طور پر یہ 187 اننگز میں بابراعظم کا 65 واں ففٹی پلس سکور تھا جو ٹی 20 کرکٹ میں کسی بھی ایشین بلے باز کی جانب سے ففٹی پلس سکورز کی چوتھی بڑی تعداد ہے ، انہوں نے 6 سنچریاں بھی بنا رکھی ہیں۔ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 301 اننگز میں سب سے زیادہ 79 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں۔روہت شرما اور تجربہ کار پاکستانی مڈل آرڈر بیٹسمین شعیب ملک بھی بالترتیب 341 اننگز اور 410 اننگز میں 71 اور 67 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں، شیکھر دھون 296 میچز میں 65 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ 5 ویں پوزیشن پر ہیں ۔ ویسٹ انڈین لیجنڈری بلے باز کرس گیل کے پاس ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ ففٹی پلس سکورز کا ریکارڈ ہے، انہوں نے 109 مواقع پر 50 سے زائد رنز بنائے ہیں جن میں 22 سنچریاں اور 87 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 90 ففٹی پلس سکورز کے ساتھ کرس گیل کے بعد دوسری پوزیشن پر موجود ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close