لندن (پی این آئی ) برطانوی سپورٹس صحافی پیٹر اوبورن نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا فیصلہ بزدلانہ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ بورڈ نے دورۂ پاکستان کی منسوخی کا فیصلہ انگلش کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے مصنف پیٹر اوبورن نے انگلش بورڈ کو آڑے ہاتھوں لے لیا، انھوں نے کہا کہ جس بنیاد پر دورۂ پاکستان منسوخ کیا گیا وہ انتہائی تشویش کی بات ہے۔پیٹر اوبورن نے کہا کہ انگلینڈ بورڈ نے دورہ منسوخی کا فیصلہ بزدلانہ اور کھلاڑیوں اور بھارت سے ڈر کر کیا ہے، بالخصوص اس فیصلے میں آئی پی ایل کا بھی کردار نظر آرہا ہے، پاکستان میں سکیورٹی انتظامات اب بھی وہی تھے جو 2019ء میں شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن کے لیے کیے گئے تھے، پاکستان میں انگلش ہائی کمیشن سکیورٹی انتظامات سے مطمئن تھا۔برطانوی مصنف نے سکائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پاکستان کی کرکٹ کے لیے نہیں یہ فیصلہ پوری دنیا کیلئے ایک دھچکا ہے، پاکستان کی ٹیم دنیا کی بہترین ٹیموں میں سے ہے، انگلینڈ نے بظاہر یہ فیصلہ سکیورٹی بنیاد پر نہیں کیا۔مصنف اوبورن نے فیصلے کا پول کھولتے ہوئے کہا کہ انگلش بورڈ کی سکیورٹی ایڈوائس میں کوئی تبدیلی نہیں تھی، پریس ریلیز میں سکیورٹی کا نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے ذہنی دباؤ کا ذکر ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرونا وبا کے خطرناک وقت میں بھی برطانیہ آ کر کھیلا، پاکستان نے کرونا وبا میں آ کر برطانیہ پر احسان کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلش کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کہاں غائب ہیں؟ ای سی بی چیئرمین کیوں اپنے فیصلے کا دفاع نہیں کر رہے؟۔ برطانوی صحافی نے یہ بھی کہا کہ ای سی بی چیئرمین جانتے ہیں کہ یہ غلط فیصلہ ہے اس لیے دفاع نہیں کرسکتے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں