ولنگٹن ( پی این آئی)نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم سیکیورٹی وجوہات کے پیش نظر پاکستان کا دورہ چھوڑ کرجانے کے بعد اب نومبر میں بھارت کے دورے کا اعلان کردیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ سے جاری اعلامیے کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے بھارت کے ہوم سیزن 2021-22 کا آغاز ہوگا۔بیان میں کہا گیا کہ سیزن میں 4 ٹیسٹ، تین ون ڈے
اور 14 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نومبر میں دورہ بھارت میں دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔قبل ازیں نیوزی لینڈ کی ٹیم گزشتہ جمعے کو راولپنڈی میں شیڈول سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ کے آغاز سے محض چند گھنٹے قبل سیکیورٹی کو وجہ بناتے ہوئے دورہ منسوخ کردیا تھا۔کیوی بورڈ کے اس فیصلے پر جہاں دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی جانب سے تنقید کی گئی تھی وہی کرکٹ کے شائقین نے شدید مایوسی کا اظہار کیا تھا۔دوسری جانب بھارت میں انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کا دوسرا ہاف اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کورونا وائرس کی سنگین صورت حال کے باعث ملتوی ہوچکا ہے۔دونوں ٹورنامنٹس کو بھارت سے متحدہ عرب امارات اور عمان منتقل کردیا تھا اور دونوں ممالک مشترکہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی میزبانی کریں گے۔بھارت کا دورہ کرنے والی دیگر ٹیموں میں ویسٹ انڈیز بھی شامل ہے جو اگلے برس فروری میں مختصر طرز کرکٹ سیریز کے 6 میچز کھیلے گی۔سری لنکا کی ٹیم بھی اگلے برس کے اوائل میں بھارت کا دورہ کرے گی اور دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔بعد ازاں جنوبی افریقہ کی ٹیم جون میں 6 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلنے بھارت کا دورہ کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں