نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے بعد انگلینڈ نے بھی دورہ پاکستان سے متعلق بڑا اعلان کر دیا

لندن(پی این آئی)نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے عین میچ کے وقت دورہ پاکستان منسوخ کرنے کے بعد انگلش کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم کے دورہ پاکستان کے حوالے سے کہا ہے کہ ’وہ دورہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں کریں گے۔

‘اپنے ایک بیان میں جمعے کو انگلش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’انہیں سکیورٹی الرٹ کے باعث نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے کا علم ہے۔‘برطانوی اخبار دا مرر کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’مکمل طور پر صورت حال سمجھنے کے لیے ہم پاکستان میں گراؤنڈ پر موجود اپنی سکیورٹی ٹیم سے رابطے میں ہیں۔‘’انگلش کرکٹ بورڈ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں فیصلہ کرے گا کہ طے شدہ دورہ ہوگا یا نہیں۔‘انگلینڈ کو رواں سال اکتوبر میں 16 سال بعد دو ٹی 20 میچز کھیلنے آنا ہے۔ یہ میچز پہلے 14 اور 15 اکتوبر کو کراچی میں ہونے تھے تاہم بعد میں یہ میچز راولپنڈی منتقل کردیے گئے تھے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ’دورہ نیوزی لینڈ نے یکطرفہ طور پر منسوخ کیا ہے۔‘‘وزیر داخلہ نے ملک میں سکیورٹی کی صورت حال کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو کوئی خطرہ نہیں، نہ نیوزی لینڈ کے لیے تھا اور نہ ہی اگلے دورے پر آنے والی ٹیم انگلینڈ کے لیے کوئی خطرے کی بات ہے۔ان کے مطابق ’ہم انگلینڈ کی ٹیم کو ویل کم کہنے کو تیار ہیں۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close