قومی ٹیم کو ون ڈے رینکنگ میں بہتری کا شاندار موقع مل گیا

لاہور (پی این آئی) نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز میں قومی ٹیم کو اپنی رینکنگ بہتر بنانے کا موقع مل گیا ۔ 17 ستمبر وہ تاریخی دن ہوگا کہ جب پاکستان 18 سال بعد ایک بار پھر اپنی سرزمین پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرے گا۔

مہمان ٹیم آئی سی سی ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ اور آئی سی سی رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ جمعے جبکہ آئندہ دونوں میچز اتوار اور منگل کو کھیلے جائیںگے۔ سیریز کے تینوں میچز پنڈی سٹیڈیم ،راولپنڈی میں کھیلے جائیںگے۔ یہ چوتھا موقع ہوگا کہ جب دونوں ٹیمیں راولپنڈی میں کسی ون ڈے میچ میں مدمقابل آئیںگی۔ یہاں ابتک کھیلے گئے تینوں ون ڈے میچز میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دی ہے۔دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 107 ون ڈے کھیلے جاچکے ہیں، جن میں سے 55 میں پاکستان جبکہ 48 میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی ہے، 1 میچ برابر جبکہ 3 بے نتیجہ ختم ہوئے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ون ڈے 11 فروری 1973ء جبکہ آخری میچ 26 جون 2019ء کو ورلڈ کپ میں کھیلا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ 2003ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، جہاں پاکستان نے5 میچز پر مشتمل ون ڈےانٹرنیشنل سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔اس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 مرتبہ نیوزی لینڈ کی میزبانی کی تاہم یہ تینوں سیریز متحدہ عرب امارات میں کھیلی گئیں۔ ورلڈکپ 2019ء کی فائنلسٹ نیوزی لینڈ کی ٹیم 121 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر براجمان ہے جبکہ پاکستان کا نمبر چھٹا ہے۔ سیریز میں کلین سویپ کی صورت میں پاکستانی ٹیم ایک درجہ ترقی کیساتھ اس فہرست میں 5ویں اور نیوزی لینڈ ایک درجہ تنزلی کیساتھ دوسرے نمبر پر جاسکتا ہے مگر اس کے علاوہ سیریز کے نتائج کچھ بھی ہوں دونوں ٹیموں کی اس رینکنگ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ نیوزی لینڈ کو2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئےدوبارہ 2022ء میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں