نئی دہلی(آئی این پی)بھارت نے ٹی20ورلڈ کپ کیلئے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس میں روی چندرن ایشون کی واپسی ہوئی ہے اور سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ٹیم کا مینٹور مقرر کردیا گیا ہے۔بھارت کے ورلڈ کپ اسکواڈ میں چند اہم اور بڑے نام شامل نہیں کیے گئے جن میں اوپننگ بلے باز شیکھر دھاون کے ساتھ ساتھ اسپنرز کلدیپ یادیو اور یزویندر چاہل کے نام قابل ذکر ہیں۔ان دو اسپنرز کی جگہ بھارتی ٹیم کی سلیکشن کمیٹی نے وارن
چکراورتھی اور راہل چاہر کو اسکواڈ میں منتخب کیا ہے۔انڈین پریمیئر لیگ میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کرنے والے نوجوان بلے باز سوریاکمار یادیو اور ایشان کشن بھی عالمی کپ کے لیے ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ویرات کوہلی کی زیر قیادت ٹیم میں اسپن کے شعبے پر خاص توجہ دی گئی ہے اور ایونٹ متحدہ عرب امارات میں ہونے کے پیش نظر پانچ اسپنرز کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔اہم ایونٹ کے لیے تجربہ کار روی چندرن ایشون کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے جبکہ اس کے علاوہ اکشر پٹیل اور رویندرا جدیجا بھی موجود ہیں۔فاسٹ بالنگ میں جسپریت بمراہ، محمد شامی اور بھوونیشور کمار کا ساتھ دینے کے لیے آل رانڈر ہردک پانڈیا بھی موجود ہوں گے۔کندھے کی انجری سے صحتیاب ہونے والے شریاس آئیر کو شردل ٹھاکر اور دیپک چاہر کے
ہمراہ ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔ورلڈ کپ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کو ٹیم کے ساتھ بطور مینٹور منسلک کیا گیا ہے جو ہیڈ کوچ روی شاستری اور دیگر اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔بھارتی ٹیم کے پاس ورلڈ کپ سے قبل ٹیم میں تبدیلیوں کا اس لیے بھی نادر موقع میسر ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ عالمی ایونٹ سے چند دن قبل اختتام پذیر ہو گی اور اس کی فارم کی بنیاد پر بھارتی ٹیم 10 اکتوبر تک ٹیم میں تبدیلیاں کر سکتی ہے۔عالمی ایونٹ کے لیے بھارتی ٹیم میںویرات کوہلی(کپتان)، لوکیش راہل، روہت شرما، سوریا کمار یادیو، ریشابھ پنت، ایشان کشن، ہردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، راہل چاہر، روی چندرن ایشون، اکشر پٹیل، ورن چکراورتھی، جسپریت بمراہ، بھوونیشور کمار اور محمد شامی شامل ہیں۔ریزرو کھلاڑیوں میںشریاس آئیر، شردل ٹھاکر اور دیپک چاہر شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں