پاکستانی ٹیم کی کوچنگ کے لیے لوکل کوچ کی کوئی آپشن موجود نہیں، وسیم اکرم

لاہور (آئی این پی)سابق سپیڈ سٹار وسیم اکرم کے خیال میں مصباح الحق کو جگہ قومی ٹیم کی کوچنگ کے لیے کوئی موزوں پاکستانی امیدوار نہیں ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ایک غیر ملکی کوچ پاکستان ٹیم کے مسائل حل کرے گا۔ وسیم اکرم نے میزبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کوئی ایسا قومی کوچ نظر نہیں آتا جو پاکستان ٹیم کی کوچنگ کر سکے، اگر آپ کی نظر میں ایسا کوئی نام ہو تو بتائیں ۔میزبان کی

جانب سے جاوید میانداد کا نام دیئے جانے پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ دیکھیں ، جاوید بھائی کے پاس کرکٹ کے حوالے سے بہترین دماغ ہے لیکن انہیں جدید دور کی کرکٹ سے آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، کرکٹ بہت بدل گئی ہے اور مجھے نہیں لگتا کہ وہ یہاں ایڈجسٹ کر سکیں گے۔دریں اثنا سابق کرکٹر نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ پر اطمینان کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ایک یا دو کھلاڑیوں کے انتخاب کے علاوہ میرے خیال میں یہ ٹیم ٹھیک ہے، انہوں نے کچھ نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا ہے جو ٹیم کیلئے نتیجہ خیز ثابت ہو سکتے ہیں، آئیے انتظار کریں اور دیکھیں ۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ دیکھیں یہاں ہر کوئی ٹیم میں اپنے پسندیدہ کھلاڑی چاہتا ہے لیکن آپ سب کو خوش نہیں کر سکتے ، تنقید سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ اس کھیل کو

کتنا پسند کرتے ہیں لیکن میں یہاں یہ کہوں گا کہ براہ کرم اپنے کھلاڑیوں کا احترام کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تنقید اور بدتمیزی دو مختلف چیزیں ہیں۔ ٹیم کے انتخاب میں اپنے اثر و رسوخ کے بارے میں ایک سوال پر وسیم اکرم نے ہنستے ہوئے کہا کہ ان کے پاس ان سب کے لیے وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک طویل عرصے سے یہ سن رہا ہوں۔ کیا آپ واقعی سوچتے ہیں کہ میرے پاس ان سب سے کے لیے کافی وقت ہے؟ بلکل بھی نہیں۔ واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ کے اعلان کے بعد چیف سلیکٹر محمد وسیم پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close