لاہور (پی این آئی ) پی ایس ایل کی معروف فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم میں شمولیت کے لیے شاہد آفریدی سے ابھی تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم عمر کا کہنا تھا کہ عمر اکمل عمدہ صلاحیتوں کا حامل بہترین کھلاڑی ہے تاہم بدقسمتی سے اسے بعض حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ٹیلنٹ کے اعتبار سے عمر اکمل سے بڑا کوئی کھلاڑی نہیں، خوشی کی بات ہے کہ اس کی
ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے اور سینٹرل پنجاب کی ٹیم میں اس کا نام آگیا ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ عمراکمل کو اپنی فرنچائز میں برقرار رکھیں۔ایک سوال کے جواب میں ندیم عمر نے کہا کہ پی ایس ایل 7 کے ڈرافٹ کے لیے پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کے ناموں کا ابھی تک انتظار ہے، کہا جا رہا ہے کہ بورڈ کی جانب سے ناموں کا اعلان نومبر تک کیا جائے گا، اگر کھلاڑیوں کے نام جلدی آجائیں تو ہم اپنی کوششوں کا آغازکردیں گے۔ندیم عمر نے کہا کہ رامیز راجہ کا پی سی بی چیئرمین بننا پاکستان کرکٹ کے لیے بہتر ہے، امید ہے کہ وہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آگے لے کر جائیں گے، ہمیں یہ بھی توقع ہے کہ رمیز راجہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین بن کر پی ایس ایل فرنچائزز کے مسائل کو بھی احسن طریقے سے حل کروانے کی کوشش کریں گے، احسان مانی نے اس حوالے سے بہت کوشیں کی تھیں، توقع ہے کہ رمیز راجہ ہمارے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔شاہد آفریدی سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ندیم عمر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شاہد خان آفریدی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بنیں لیکن اس ضمن میں ان سے ابھی تک کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی، شاہد آفریدی ایک بڑے کھلاڑی ہیں اوران کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے کھیلنا ہمارے لیے اعزاز ہوگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں