سوئنگ پر عمران خان کے کنٹرول نے بلے بازوں کی زندگی جہنم بنا دی تھی، روی شاستری نے تعریفوں کے پل باندھ دیے

لاہور (پی این آئی ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ روی شاستری نے اپنی حال ہی میں ریلیز ہونے والی کتاب ’’ سٹار گیزنگ: دی پلیئرز ان مائی لائف ‘‘ میں انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے سابق کپتان اور موجودہ وزیراعظم عمران خان دنیائے کرکٹ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک تھے ۔ روی شاتری نے کہا کہ عمران خان نے اپنے کیریئر میں جو ریکارڈ بنائے ہیں وہ خود بولتے ہیں ، اگر مزید توثیق کی ضرورت ہو تو عمرن خان ​​کے ساتھ اور اس کیخلاف کھیلنے والوں کے تجربات بھی کارآمد ثابت ہوں گے۔روی شاستری نے اپنی کتاب میں لکھا کہ عمران خان ایک عظیم کپتان اور کھلاڑی ہیں ، میں یہ کیوں کہہ رہا ہوں اسے سمجھنے کیلئے کسی راکٹ سائنس کی ضرورت نہیں ہے، عمران خان کے ریکارڈ خود بتاتے ہیں اور اگر مزید توثیق ضروری ہو تو یہ ان سابق کرکٹرز سے بھی پوچھا جاسکتا ہے جنہوں نے عمران خان کے خلاف کھیلا ہے۔روی شاستری نے یہ بھی بتایا کہ جب بھارت نے 1978ء میں پاکستان کا دورہ کیا تو انہوں نے پہلی بار عمران خان کو ٹی وی پر کھیلتے دیکھا۔شاستری نے لکھا کہ وہ اس وقت دنیائے کرکٹ کے بہترین کھلاڑی کے طور پر اپنا نام بنا رہے تھے۔ موجودہ بھارتی ہیڈ کوچ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ جب پاکستان نے اگلے سیزن میں بھارت کا دورہ کیا تو وہ عمران خان کو دیکھنے کے لیے وانکھیڈے سٹیڈیم میں موجود تھے۔ شاستری نے یہ بھی لکھا کہ سوئنگ پر عمران خان کے کنٹرول نے بلے بازوں کی زندگی جہنم بنا دی۔ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان اگلے سیزن میں ہندوستان آیا تو میں نے وانکیھڈے سٹیڈیم میں جگہ حاصل کرنا یقینی بنایا۔ عمران کی طاقت سوئنگ اور ریورس سوئنگ پر ان کا شاندار کنٹرول تھا۔ شاستری نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا کہ دیر سے سوئنگ ہونے والی گیندوں یا ‘انڈیپرز’ نے بلے بازوں کی زندگی کو جہنم بنا دیا۔ شاستری نے عظیم پاکستانی کرکٹر کے ساتھ اپنی پہلی ملاقات پر بھی کھل کر بات کی جو 1987ء میں اس وقت ہوئی تھی جب روی شاستری عمران خان کیخلاف کھیلا جب وہ پاکستان کیخلاف انڈین انڈر 25 ٹیم کی قیادت کر رہے تھے اور عمران خان کھیلنے کے لیے دیر سے پہنچے تھے۔روی شاستری نے لکھا کہ عمران خان دیر سے پہنچے تھے کیونکہ وہ ٹریفک میں پھنس گئے تھے اور واپس آتے ہی بولنگ شروع کرنا چاہتے تھے جس سے شاستری نے انکار کر دیا۔ شاستری نے امپائروں کو بھی کہا کہ وہ کھیل کے اصولوں پر عمل کریں۔ 59 سالہ شاستری نے مزید کہا کہ خان نے ایک اور باؤلنگ عظیم وسیم اکرم سے کہا کہ وہ روی شاستری کو بائونسر مار کر آئوٹ کریں ۔ روی شاستری نے اپنی کتاب میں عمران خان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور پاکستانی کرکٹر کو اپنے وقت کے 4 عظیم آل راؤنڈرز میں سے بہترین بیٹسمین قرار دیا۔ شاستری نے کہا کہ اس دور کے چار عظیم آل راؤنڈرز میں سے عمران خان حالات کے مطابق ، تکنیکی اور مزاج کے لحاظ سے بہترین بلے باز تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close