پاک افغان کرکٹ سیریز فی الوقت ملتوی، سیریز کا دوبارہ انعقاد کب ہو گا؟ نئی تاریخ بتا دی گئی

لاہور (پی این آئی ) افغان کرکٹ بورڈ کا اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار، پاک افغان کرکٹ سیریز ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا، سیریز کا انعقاد اب 2022 میں ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے کروڑوں شائقین کرکٹ کی تمام تر امیدیں دم توڑ گئیں۔ افغان کرکٹ بورڈ اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان شیڈول ایک روزہ سیریز ملتوی کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے مابین ون ڈے کرکٹ سیریز پاکستان منتقل ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ اطلاع تھی کہ سیریز کی میزبانی افغانستان ہی کرے گا ،سیریز ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہوگی۔ قبل ازیں پاکستان نے افغانستان کرکٹ ٹیم کو ویزے بھی جاری کردیئے تھے ،افغان کرکٹ ٹیم براستہ پاکستان سری لنکا روانہ ہونا تھی ، سری لنکا میں افغان ٹیم نے پاکستان ٹیم کی 3 ون ڈے میچوں کی میزبانی کرنا تھی ۔پی سی بی کی تصدیق کے بعد افغانستان ٹیم کے کھلاڑیوں کو ویزے جاری کئے گئے تاہم پھر بتایا گیا کہ سیریز کا انعقاد سری لنکا میں ممکن نہیں۔ جبکہ اب افغان کرکٹ بورڈ نے سیریز کے پاکستان میں انعقاد سے بھی انکار کر دیا، جس کے بعد دونوں کرکٹ بورڈز کے حکام نے سیریز 2022 تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔ واضح رہے کہ یہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان پہلی باقاعدہ کرکٹ سیریز تھی، جس کے انعقاد میں اب مزید تاخیر ہو گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close