پنجاب حکومت کے اولمپکس ہیروزاور پاکستانی کوہ پیمائوں کیلئے خصوصی انعامات

لاہور(آئی این پی)پنجاب حکومت نے ٹوکیو اولمپکس کے قومی ہیروز اورپاکستانی کوہ پیماں کے لئے خصوصی انعامات تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارسے ٹوکیو اولمپکس میں نیزہ بازی اورویٹ لفٹنگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ارشد ندیم، طلحہ طالب، کوچ سید فیاض بخاری اورکوہ پیمائو ں ساجد علی سدپارہ اورشہروز کاشف نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے کوہ پیما ئوں ساجد علی سدپارہ، شہروزکاشف کو10 ،10 لاکھ روپے اورکوچ سید فیاض بخاری کو5لاکھ روپے کے چیک دئیے۔ اسپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے ارشد ندیم اورطلحہ طالب کو10، 10لاکھ روپے جبکہ محکمہ انرجی کی طرف سے بھی 10، 10لاکھ روپے دئیے گئے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہروزکاشف اورساجد علی سدپارہ نے کم عمری میں کے ٹوجیسی خطرناک ترین چوٹی سرکرکے اپنے بلند عزم کا اظہارکیا ہے۔ ٹوکیواولمپکس میں ارشد ندیم اورطلحہ طالب نے ملک کا نام روشن کیا۔عثمان بزدارنے کہا کہ ارشد ندیم آپ پاکستان کے حقیقی ہیروہیں اورقوم کو آپ پر فخر ہے، کوہ پیمائی بلند حوصلہ نوجوانوں کاکھیل ہے،شہروزکاشف اورساجد علی سدپارہ نے قابل تقلید مثال قائم کی۔ پنجاب حکومت ارشد ندیم، طلحہ طالب، ساجد علی سدپارہ اور شہروز کاشف جیسے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی جاری رکھے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں