دہلی(آئی این پی)ٹوکیو اولمپکس 2020میں شرکت سے قبل معروف بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور بھارت کے وزیرِاعظم نریندرمودی کے درمیان ورچوئل گفتگو ہوئی ہے۔ثانیہ مرزا نے اپنی انسٹا اسٹوریز پر نریندرمودی سے گفتگو کرتے ہوئے اپنی ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں ثانیہ کو ویڈیو کال کے ذریعے بھارتی وزیرِاعظم سے بات کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔انہوں نے انسٹا اسٹوری اور ٹوئٹ میں نریندر مودی سے ہونے والی اپنی گفتگو کی مکمل ویڈیو دیکھنے کے لیے ویڈیو کا لنک بھی شیئر کیا ہے جو کہ ان کے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کی گئی ہے۔اس ویڈیو میں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی بھارت کی نمبر ون ٹینس اسٹارثانیہ مرزا کی تعریف کرتے ہوئے ان سے پوچھا کہ آپ لوگوں کی ہیرو ہیں اور بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ آپ نے کھیلا ہے ، آپ کو کیا لگتا ہے کہ ٹینس کا چیمپیئن بننے کے لیے کیا خوبیاں ہونی چاہییں؟ثانیہ مرزا نے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ ٹینس ایک ایسا بین الاقوامی کھیل ہے جس میں 25 سال پہلے جب انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا تو اس وقت زیادہ لوگ ٹینس نہیں کھیلتے تھے لیکن آج بہت سارے ایسے بچے ہیں جو ٹینس ریکٹ اٹھانا چاہتے ہیں اوراسے اپنا پروفیشن بنانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ جو اس بات کا یقین رکھتے ہیں کہ وہ بڑے کھلاڑی بن سکتے ہیں تو اس کے لیے آپ کو ظاہر سی بات ہے کہ محنت ، لگن اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ثانیہ کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں محنت کے ساتھ قسمت کا بھی کافی اہم کردار ہوتا ہے لیکن پھر بھی محنت کے بغیر کوئی کچھ نہیں ہوسکتا چاہے وہ ٹینس ہو یا کوئی بھی کھیل ہو۔نریندر مودی نے ثانیہ سے ان کی اورساتھی کھلاڑی انکیتارائنہ کے ساتھ پارٹنرشپ کی اور اولمپکس کے لیے تیاری کے بارے میں بھی پوچھا ، جس پر ثانیہ نے کہا کہ انکیتا ایک نوجوان کھلاڑی ہے اور بہت اچھا کھیل رہی ہے اور وہ انکیتاکے ساتھ اولمپکس میں کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں ۔ثانیہ مرزانے بھارتی حکومت کی جانب سے کھلاڑیوں کی مدد کرنے اورملک میں مختلف کھیلوں کے لیے سہولیات مہیا کرنے پر بھارت کی حکومت کی تعریف بھی کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں