پاکستان اور بھارت کے مابین ٹیسٹ کرکٹ قصہ پارینہ بن گئی

دبئی(آئی این پی)پاکستان اور بھارت کے مابین ٹیسٹ کرکٹ قصہ پارینہ بن گئی ۔دوسری ٹیسٹ چیمپئن شپ میں بھی روایتی حریفوں کے درمیان کوئی سیریز نہیں ہوگی۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اگلے دورانیے کی تفصیل جاری کردی جس میں پوائنٹس سسٹم کے ساتھ ٹیموں کے ہوم اینڈ اوے حریفوں کی تفصیلات بھی شامل ہیں، ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا کوئی نام و نشان نہیں ہے۔ نئے دورانیے میں پاکستان ٹیم آسٹریلیا، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی میزبانی کرے گی جبکہ سری لنکا، بنگلہ دیش اور ویسٹ انڈیز سے اوے سیریز کھیلے گی۔ آئی سی سی کے قائم مقام چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے کہاکہ ہمیں گذشتہ ایڈیشن سے جو فیڈ بیک ملا اس کے تحت پوائنٹس سسٹم کو آسان بنانے کی ضرورت تھی، کرکٹ کمیٹی نے اس معاملے کا جائزہ لیا اور پوائنٹس سسٹم کو مزید سادہ بنایا،اب ہر میچ میں فتح کی بنیاد پر پوائنٹس ملیں گے چاہے جتنے بھی میچز کی سیریز کھیلی جائے۔یاد رہے کہ نئے دورانیے میں بھی خود ساختہ بگ تھری انگلینڈ، بھارت اور آسٹریلیا ہی 3 سے زائد میچز کی سیریز کھیلیں گے،باقی ٹیموں کی زیادہ تر 2، 2 میچز کی سیریز شیڈول ہیں،اس میں سے چند ہی 3 میچز پر مشتمل ہوں گی، بنگلہ دیش واحد ٹیم ہے جس کی اگلے دورانیے میں تمام 6 سیریز 2، 2 میچز پر مشتمل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close