انگلینڈ کے خلاف بابر اعظم نے عمران خان کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

اسلام آباد(آئی این پی)انگلینڈ کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستانی ٹیم نے کپتان بابر اعظم کی ریکارڈ ساز بیٹنگ کی بدولت میزبان انگلینڈ کو جیت کے لیے 332رنز کا ہدف دیا ہے،منگل کو ایجبسٹن گرائونڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، پاکستان کی ابتدائی وکٹ جلد گرنے سے یوں لگا کہ شاید انگلش کپتان بین سٹوکس کا فیصلہ درست تھا لیکن ایک اینڈ پر مسلسل کھڑے پاکستانی کپتان نے اپنی 158 رنز کی اننگز کے ذریعے اسے غلط ثابت کر دیا۔ بابراعظم کی انفرادی اننگز جہاں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی انگلش ٹیم کے خلاف سب سے بڑا انفرادی سکور رہا وہیں انہوں نے پاکستانی ٹیم کے کپتان کی جانب سے انگلینڈ میں میزبان سائیڈ کے خلاف سنچری کا عمران خان کا ریکارڈ بھی توڑا۔عمران خان نے 1983 میں انگلینڈ کے خلاف انہی کی سرزمین پر سنچری اننگز کھیلی تھی۔بابر اعظم پہلے پاکستانی کھلاڑی بنے ہیں جنہوں نے انگلش ٹیم کے خلاف انہی کی سرزمین پر تین سنچری اننگز کے ساتھ ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا ہے۔بابر اعظم نے دنیائے کرکٹ میں سب سے کم 81 اننگز کھیل کر 14 سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ اس سے قبل یہ اعزاز ہاشم آملہ کے پاس تھا جنہوں نے 84 اننگز کھیل کر یہ کارنامہ سرانجام دیا تھا۔ ڈیوڈ وارنر نے 84 جب کہ انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان کوہلی نے اس مرحلے تک پہنچنے کے لیے 103 اننگز کھیلی تھیں۔139 گیندوں پر 158 رنز پر مشتمل بابراعظم کی اننگز 14 چوکوں اور چار چھکوں سے مزین رہی۔ 198 منٹ تک کریز پر رہنے والے گرین شرٹس کے کپتان نے 113.66 کے سٹرائک ریٹ کے ساتھ اپنے کیریئر کی یادگار اننگز کھیلی۔بابراعظم نے نائب کپتان محمد رضوان کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی شراکت میں 179 رنز بنائے، جو انگلینڈ کے خلاف پاکستانی کھلاڑیوں کی شراکت کا سب سے بڑا سکور ہے۔پاکستان کی جانب سے امام الحق نے 56 رنز بنائے۔ فخر زمان چھ اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے 58 گیندوں پر 74 رنز کی اننگز کھیلی۔ صہیب مقصود آٹھ، حسن علی چار، شاداب خان صفر اور فہیم اشرف نے دس رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے پانچ کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ ثاقب محمود نے تین جب کہ میٹ پارکنسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔انگلش ٹیم کی بولنگ میں پارکنسن سب سے مہنگے بولر رہے جنہوں نے نو اوورز میں ساتھ اعشاریہ 77 کی اوسط سے 70 رنز دیے۔سوشل میڈیا صارفین نے دل کھول کر بابراعظم کی بیٹنگ کی تعریف کی تو ان کا نام ٹوئٹر ٹرینڈز لسٹ میں سب سے اوپر رہا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close