اسلام آباد(آئی این پی)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریزہارنے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ٹیم کا سلیکشن درست کرو، ٹیم میں کوئی ایک میچور بیٹسمین نہیں۔شعیب اختر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کے پلیئر ون ڈے میں اور ون ڈے کے پلیئر ٹی ٹوئنٹی میں کھلا رہے ہیں، صہیب مقصود کو ٹی ٹوئنٹی کی پرفارمنس پر منتخب کیا اور ون ڈے میچز کھلا رہے ہیں جبکہ سرفراز سے بہتر مڈل آرڈر بیٹسمین کوئی نہیں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ نے کانٹی کرکٹ کے پلیئرز کو چند گھنٹے پہلے ٹیم میں شامل کیا، میں نے پہلے کہہ دیا تھا سیریز تین صفر سے انگلینڈ جیتے گی۔سابق کرکٹر نے کہا کہ بابر اعظم کو آئوٹ سوئنگ گیند پر مشکل ہوتی ہے، پاکستان ٹیم میں کوئی ایک کھلاڑی بتائیں جسے انگلینڈ میں ٹکٹ خرید کر کوئی دیکھنے آئے۔شعیب اختر نے یہ بھی کہا کہ قومی ٹیم میں کوئی ایسا پلیئر نہیں جس کو انگلینڈ میں ٹکٹ خرید کر دیکھنے آئیں، جاوید میانداد کو لوگ دیکھنیآتے تھے،وہ میچ فنش کرتے تھے، ماضی میں جاوید میانداد کی بیٹنگ دیکھنے شائقین آیا کرتے تھے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ وقار یونس کو لانے والوں سے پوچھا جائے انہیں کیوں لایا جاتا ہے۔شعیب اختر نے مزید کہا کہ سی ای او پی سی بی وسیم خان کو پہلے 2 سال میں نے سپورٹ کیا ہے، سنا ہے وسیم خان کو تین سال کی توسیع دی جارہی ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کے باعث نئے کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترنے والی انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔ لارڈز کرکٹ گراونڈ میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے 52 رنز سے فتح اپنے نام کی۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ون ڈے 13 جولائی کو برمنگھم میں کھیلا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں