وہ کام جو آج تک کوئی پاکستانی بلے باز نہ کر سکا، فخرزمان نے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

لاہور (پی این آئی ) قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان کیریئر میں کم از کم 2 مرتبہ 3 ون ڈے اننگز میں مجموعی طور پر 340 یا اس سے زیادہ رنز سکور کرنے والے پہلے پاکستان اور دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں ۔ 31 سالہ فخر زمان نے انگلینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے میں 47 رنز سکور کیے جس کے ساتھ ہی ان کے اپنے گزشتہ 3 ون ڈے میچز میں بنائے گئے رنز کی مجموعی تعداد 341 ہوگئی اور وہ کیریئر میں کم از کم 2 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی اور مجموعی طور پر تیسرے بلے باز بن گئے۔فخر زمان نے 2018ء میں زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز میں 117 ناٹ آئوٹ، 43 ناٹ آئوٹ اور 210 ناٹ آئوٹ رنز سکور کیے تھے اور اس مرتبہ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف آخری 2 ون ڈے میچز میں 193 اور 101 رنز بنانے کے بعد انگلینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میں 47 رنز سکور کیے۔انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ کیریئر میں کم از کم 3 ون ڈے اننگز میں مجموعی طور پر 340 رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ بھارت کے روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے 4 مرتبہ یہ اعزاز حاصل کررکھا ہے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 2 مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کرچکے ہیں ۔یاد رہے کہ انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ایک روزہ میچ میں 9 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔ انگلینڈ کے شہر کارڈف میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری قومی ٹیم 36ویں اوور میں 141 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جب کہ میزبان ٹیم نے مطلوبہ ہدف آسانی سے ایک وکٹ کے نقصان پر 22ویں اوور میں پورا کرلیا۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے فل سالٹ کی صورت میں واحد وکٹ گنوائی جو 7 رنز بناکر شاہین آفریدی کا شکار بنے۔ ڈیوڈ ملان 68 اور زیک کرالے 58 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور فخرزمان تاہم اوپنر امام الحق بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جب کہ ون ڈاؤن آنے والے کپتان بابر اعظم بھی پہلے ہی اوور میں صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے، کچھ ہی دیر بعد محمد رضوان بھی صرف 13 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔ڈیبیو کرنے والے سعود شکیل بھی 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد صہیب مقصود نے فخرزمان کے ساتھ ملکر 53 رنز کی شراکت قائم کی لیکن صہیب 19 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد فخرزمان بھی 47 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف بھی 5 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ شاداب خان کی ہمت 30 رنز پر جواب دے گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود 4، میٹ پارکنسن 2، لیوس گریگری اور کریگ اورٹن ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close