پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ون ڈے کل کھیلا جائیگا

کارڈف(آئی این پی)پاکستان اور انگلینڈ کے مابین3ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (کل)جمعرات کو کھیلا جائیگا۔قومی ٹیم ڈربی میں اپنی آئیسولیشن مکمل کر کے کارڈف پہنچ گئی ہے،ڈربی میں قومی ٹیم کا آخری ٹریننگ سیشن بھی شاندار رہا، کھلاڑیوں نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور پریکٹس کی۔تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل قومی ٹیم اپنی آئیسولیشن مکمل کر کے منگل کو ڈربی سے کارڈف پہنچ گئی۔ ڈربی سے روانگی سے قبل قومی اسکواڈ کا کوویڈ ٹیسٹ ہوا۔قومی کرکٹ اسکواڈ مقامی وقت کے مطابق چار بجے کارڈف پہنچا۔قبل ازیںڈربی میں قومی ٹیم نے آخری روز بھی بھرپور ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا،قومی کرکٹرز نے4گھنٹے فیلڈنگ ،بیٹنگ ،بائولنگ کی مشقیں کیں۔قومی کرکٹرز نے تقریباً ایک گھنٹے تک فیلڈنگ سیشن کیا،بلے بازوں کا سائیڈ پچز پر بھرپور نیٹ سیشن جاری رکھا جبکہ فاسٹ باؤلرز اور اسپنرز کی سینٹر پچ پر باؤلنگ کی پریکٹس کی۔قومی اسکواڈ نے چار گھنٹے سے زائد پریکٹس کرکی۔پاکستان اور انگلینڈ کے مابین پہلا ایک روزہ بین الاقوامی میچ 8 جولائی کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔10 جولائی کو دوسرا ون ڈے لارڈز لندن،13 جولائی کو تیسرا ون ڈے ایجبیسٹن ، برمنگھم،16 جولائی کو پہلا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، ٹرینٹ برج ، نوٹنگھم،18 جولائی کو دوسرا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، ہیڈنگلے ، لیڈز جبکہ 20 جولائی تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ ، اولڈ ٹریفورڈ ، مانچسٹر میں کھیلا جائیگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close