شائقین کرکٹ کیلئے بڑی خوشخبری، چار بڑی ٹیموں کے دورہ پاکستان کی خوشخبری سنا دی گئی

ابوظہبی (پی این آئی ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے تماشائیوں کے بغیر پی ایس ایل کو نامکمل قرار دیا ہے۔ پی ایس ایل 6 کے ابتدائی 14 میچز فروری اور مارچ میں نیشنل سٹیڈیم ، کراچی میں کھیلے گئے تھے جس میں تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت تھی تاہم لیگ کے بقیہ 20 میچز جون میں ابوظہبی میں کھیلے گئے۔متحدہ عرب امارات کی حکومت کے مقررہ پروٹوکولز کے مطابق تماشائیوں کو ان میچز کو دیکھنے کیلئے سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت نہیں تھی۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کہا کہ کسی بھی کھیل کی حقیقی پہچان اور جان اس کے تماشائی ہی ہوتے ہیں، ان کے بغیر کوئی بھی ایونٹ مکمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی، کھلاڑیوں اور تمام کمرشل پارٹنرز نے لیگ کے بقیہ 20 میچز میں تماشائیوں کی کمی کو شدت سے محسوس کیا۔احسان مانی نے کہا کہ وہ پاکستانی شائقین کو یقین دلانا چاہتے ہیں کہ 2022ء میں شیڈول پاکستان سپر لیگ کا 7واں ایڈیشن پاکستان میں کھیلا جائیگا اور اس ایونٹ میں تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کے آئندہ ایڈیشن کے انعقاد کیلئے پی سی بی اپنی منصوبہ بندی کا باقاعدہ آغاز جولائی سے کردے گا جبکہ رواں سال کی آخری سہ ماہی میں اسے حتمی شکل دے دی جائیگی تاکہ کرکٹ فینز کو ایونٹ کی تمام تر تفصیلات سے بروقت آگاہ کیا جاسکے۔احسان مانی نے کہا کہ شائقین کرکٹ نے پی ایس ایل 2019ء کے بقیہ 8 میچز میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرکے دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور سری لنکا اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کو ایک دہائی کے بعد ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنے پر راضی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ جس طرح ہم نے بحیثیت قوم کورونا وائرس کی وبا سے چھٹکارا حاصل کیا ہے ویسے ہی اب 22-2021ء میں ہماری مکمل کرکٹ پاکستان میں ہی کھیلی جائیگی۔اس دوران پاکستان کو نیوزی لینڈ ، انگلینڈ ، ویسٹ انڈیز اور آسٹریلیا کی میزبانی کرنی ہے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ ان میچز سے نہ صرف ملک میں کھیل کو فروغ ملے گا بلکہ قومی نوجوانوں کی کرکٹ کے کھیل سے وابستگی کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پی سی بی کے عملے ، ابوظہبی سپورٹس کونسل ، امارات کرکٹ بورڈ اور ابوظہبی حکومت کے مشکور ہیں ، جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے ایک ٹیم کی طرح متحد ہوکر ہرغیرمتوقع چیلنج پر قابو پایا۔احسان مانی نے کہا کہ وہ ایونٹ میں شریک تمام کھلاڑیوں کے مشکور ہیں جنہوں نے ایک مرتبہ پھر ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے کوویڈ 19 کے پروٹوکولز پر مکمل عمل کیا، جس کی وجہ سے لیگ کے ابوظہبی مرحلے کے دوران کوئی بھی خلاف ورزی رپورٹ نہیں ہوئی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ تمام فرنچائز مالکان کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے ہر فیصلے میں پی سی بی کی مکمل حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے ایک بار پھر اپنے فیصلہ کن اقدامات سے ثابت کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ پی سی بی کا اہم ایونٹ ہے اور ہم اس لیگ کی سالمیت کا ہر حال میں تحفظ کریںگے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close