پاک انگلینڈ سیریز ٹی وی پر دکھانے کا مسئلہ حل کرلیا گیا

اسلام آباد(آن لائن )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے کامیاب انعقاد پر اسٹار کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاک-انگلینڈ کرکٹ سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کرلیا ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ‘ملتان سلطانز کو نیا چمپئین بننے پر بہت مبارک، رضوان، بابر اعظم اور پاکستانی ہیروزکے ساتھ ان تمام غیر ملکی ہیروز کا بھی شکریہ جنہوں نے کرکٹ کا یہ شاندار میلہ سجایا’۔ انہوں نے کہا کہ ‘اب اگلا میلہ سجنے کو ہے اور یہاں میں یہ بھی بتاتا چلوں کہ ہم نے انگلینڈ اور پاکستان کی سیریز دکھانے کا مسئلہ حل کر لیا ہے’۔یاد رہے کہ 8 جون کو کابینہ اجلاس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پی ٹی وی کی درخواست پر کابینہ نے بھارتی کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت نہیں دی جس کی وجہ سے آئندہ ماہ شروع ہونے والی پاکستان-انگلینڈ کرکٹ سیریز ملک میں نہیں دکھا پائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ کابینہ سے ایک بھارتی کمپنی کے ساتھ شراکت کی منظوری کی درخواست کی گئی تھی، جس سے پی ٹی وی 8 جولائی 2021 سے شروع ہونے والے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین کرکٹ سیریز کو نشر کرسکتا تاہم کابینہ کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کردیا گیا ہے

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close