انٹرنیشنل کرکٹ کے لیے تیار ہوں شاہنواز دھانی کی فون سیلیبریشن دنیا کو پیغام

ابوظہبی (آئی این پی)ملتان سلطانز کے فاسٹ بائولر شاہ نواز دھانی کا کہنا ہے کہ میری کوشش ہوتی ہے کہ کرکٹ کے ہر لمحے کا بھرپور مزہ لوں پھر چاہے وکٹ ملے یا چھکا ملے، مسکراتے رہنے کی وجہ سے ہی مجھے کافی اعتماد ملتا ہے۔ ایک انٹرویو میں شاہنواز دھانی نے کہا کہ فون کرنیوالی سیلیبریشن کا مقصد دنیا کو یہ بتانا ہے کہ میں ٹاپ کرکٹ کیلئے تیار ہوں، پاکستان سپر لیگ کھیل کر مجھ میں کافی تبدیلی آئی اور بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، میں بطور ایمرجنگ کھلاڑی ٹورنامنٹ میں آیا لیکن کھیلنے کے بعد میرے اندر کا ڈر نکل گیا ، میں نے پی ایس ایل میں سیکھا ہے کہ خود پر کیسے کنٹرول کرنا ہے، میری کرکٹ میں فرق ضرور آیا ہے لیکن میری شخصیت آج بھی ویسی ہی ہے جیسی پہلے تھی ، میری آج بھی کوشش ہوگی کہ اپنے گائوں والوں اور دوستوں کیلئے ہمیشہ ایسا ہی دھانی رہوں۔انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کیمپ میں وقار یونس سے بھی بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا۔ میں ریڈ بال اور وائٹ بال دونوں طرز کی کرکٹ سے لطف اندوز ہوتا ہوں ۔ شاہنواز دھانی نے کہا کہ کسی بھی سپورٹس مین کیلئے ورلڈ کپ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے سے بڑی کوئی چیز نہیں ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کیلئے ورلڈ کپ میں کھیلنا میرا خواب ہے۔ اگر مجھے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کھیلنے کا موقع ملا تو میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اپنی صلاحیت کو ثابت کرنے اور دنیا کو یہ بتانے کیلئے پوری کوشش کروں گا کہ میں بہترین کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوں۔شاہنواز دھانی نے اب تک پی ایس ایل کے 10 کھیلوں میں 20 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ اس وقت ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بائولر ہیں ، پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض 18 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں