دوران میچ گرما گرمی، شاہین شاہ آفریدی نے سرفراز احمد سے اپنے رویے پر معذرت کی تو سرفراز نے کیا کہا؟ دونوں کھلاڑیوں کے ٹویٹر پیغامات وائرل

ابوظہبی(پی این آئی) قومی ٹیم کے  فاسٹ بولرشاہین شاہ آفریدی نے اپنے نامناسب رویے پر سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد سے معذرت کرلی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ سرفراز احمد ہم سب کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ میرے کپتان تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے میچ میں جو بھی ہوا وہ وقتی گرما گرمی کا نتیجہ تھا۔شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ مجھے سرفراز احمد کی عزت کرتے ہوئے اس موقعہ پر خاموش رہنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا ہے کہ میں نے ہمیشہ اپنے سینئرز کی عزت کی ہے اور سرفراز بھائی کے لیے بھی نیک خواہشات رکھتا ہوں۔شاہین آفریدی کی ٹوئٹ کے جواب میں قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے لکھا ہے کہ تم جیو ہزاروں سال، دل خوش کردیا شینو۔ لیگ کے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کی بیٹنگ کے دوران لاہور قلندر کے پیسر کی گیند سابق ٹیسٹ کپتان کے ہیلمٹ پر لگی تھی جس کے بعد دونوں کھلاڑی باہم الجھتے ہوئے نظر آئے تھے۔ جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے شاہین آفریدی کی جانب سے معافی مانگنے پر رد عمل بھی دے دیا ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر سرفراز احمد نے شاہین آفریدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ میدان میں جو کچھ ہوا وہ میدان میں ہی رہنا چاہیے۔سرفراز احمد نے لکھا کہ آپ پاکستان کے سٹار اور میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہو، اللہ تمہیں مزید کامیابیاں عطا فرمائیں۔ اس سے قبل شاہین آفریدی نے کہا تھا کہ سرفراز احمد ہمارے لیے قابل فخر ہیں، وہ میرے ہمیشہ کپتان رہیں گے،کھیل کے دوران جو کچھ بھی ہوا وہ لمحہ جوش والا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے سینئر کی عزت کرتے ہوئے خاموش رہنا چاہیے تھا، میں ہمیشہ اپنے سینئرز کا احترام کرتا ہوں۔ شاہین شاہ آفریدی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے میچ کے دوران شاہین آفریدی کی ایک گیند سرفراز احمد کے ہیلمٹ پر لگ گئی تھی جس کے بعد دونوںکھلاڑیوں کے درمیان جھگڑا ہو گیا تھا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close