شاہین شاہ آفریدی نے پی ایس ایل سیزن چھ میں حریف ٹیموں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

ابوظہبی(آئی این پی)لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز میں اچھا پرفارم کرنے کا عزم کرلیا۔اپنے ایک انٹرویو میں لاہور قلندرز کے نائب کپتان کا کہنا تھا کہ وہ پانچویں ایڈیشن کی طرح چھٹے ایڈیشن میں بھی ٹاپ وکٹ ٹیکر کے طور پر سیزن ختم کرنا چاہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے پی ایس ایل میں وہ 17 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ وکٹ ٹیکر تھے، اس بار چار میچز میں آٹھ وکٹیں حاصل کی ہیں اور ابھی دوسرے نمبر پر ہیں کوشش ہے کہ کارکردگی کے اس سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے سیزن کا اختتام ایک بار پھر بہترین اور کامیاب بولر کے طور پر کریں۔ٹیم کمبینیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ٹیم اب کافی مستحکم ہے، بولنگ میں پہلے جو کمی تھی وہ راشد خان کی واپسی سے پوری ہوگئی ہے ان کے ساتھ حارث رف اور دلبر حسین کی موجودگی سے لاہور قلندرز کی بولنگ مضبوط ہوگی۔بیٹنگ سے متعلق شاہین نے کہا کہ ٹیم کی بلے بازی بھی مضبوط ہے، ٹم ڈیوڈ اچھا بیٹسمین ہے، ٹیم سے اچھے نتائج کیلئے پر امید ہوں۔حارث رف کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پلیئر ڈولپمنٹ پروگرام کی پروڈکٹ ہے، اس نے اپنا کھیل بہت بہتر کیا ہے، فٹنس بھی اچھی ہے، انہیں حارث کے ہمراہ بولنگ میں مزہ آتا ہے اور مقابلہ بھی رہتا ہے لیکن کوشش ہوتی ہے کہ دونوں مل کر ٹیم کیلئے اچھا پرفارم کریں۔شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ کوشش یہی ہوگی کہ جیسا کراچی میں اسٹارٹ کیا تھا اس کو ہی جاری رکھیں گے، پہلے دو میچز اسلام آباد اور پشاور کے ساتھ ہیں، یہ دونوں میچز لاہور قلندرز کیلئے بہت اہم ہیں، ابھی ٹاپ فور میں ہیں، پہلا ہدف ٹاپ ٹو میں جگہ پکی کرنا ہے اور پھر آگے جانا اور ٹرافی اٹھانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال سے جو غلطیاں ہورہی تھی اس پر قابو پانا شروع کردیا ہے، کوشش کریں گے کہ فینز کی توقعات پر پورا اتریں اور اس بار ٹرافی ضرور اٹھائیں، لاہور قلندرز نے ماضی میں مشکل وقت دیکھا لیکن اپنا سفر جاری رکھا اور پی ڈی پی کے ذریعے پلیئرز بنائے ہیں۔ایک سوال پر شاہین آفریدی نے کہا کہ وہ فینز سے یہ کہں گے کہ قلندرز اپنی طرف سے پوری کوشش کریں گے اور فینز کو مایوس نہیں کریں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی ذاتی کوشش یہی ہوگی کہ جب بھی کپتان مجھے گیند دے، اپنا سو فیصد دیں۔انہوں نے کہا کہ وکٹ لینا یا نہ لینا میرے ہاتھ میں نہیں ہوتا ، میرے ہاتھ میں صرف اپنی طرف سے سو فیصد دینا ہے جو میں ضرور دوں گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close