دبئی(آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ایونٹس کی میزبانی کیلیے بڈنگ پر بھی یوٹرن لے لیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنی اکتوبر 2019 کی میٹنگ میں جو اہم فیصلے کیے ان میں اگلے دورانیے کے ٹورنامنٹس کیلیے میزبانوں کاانتخاب دوسرے کھیلوں کی طرح اوپن بڈنگ سے کرنا بھی شامل تھا، فروری 2020 میں آئی سی سی نے باقاعدہ بڈنگ کیلیے کارروائی شروع کرتے ہوئے ممبربورڈزکو ای میل بھیجی تھی جس میں انھیں کسی بھی ایونٹ کیلیے دلچسپی ظاہر کرنے کو کہا گیا تھا۔اس حوالے سے تب کے چیف ایگزیکٹیو مانو سواہنے نے مختلف ممالک کا دورہ کرکے بڑے ٹورنامنٹس کی میزبانی کیلیے بڈ دینے کے شوق کو بھی ہوا دی، جس کے جواب میں کئی ممالک نے ٹورنامنٹس کی میزبانی میں دلچسپی بھی ظاہر کردی۔اس میں پاکستان کرکٹ بورڈ، بنگلادیش اور کرکٹ جنوبی افریقہ بھی شامل تھا، بھارت، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی جانب سے کسی بھی ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے بڈ دینے میں دلچسپی ظاہر نہیں ہوئی، بھارت اور انگلینڈ تو اس عمل کے حق میں ہی نہیں تھے، ان کا موقف تھا کہ بہت سے ممالک کے پاس بڑے ٹورنامنٹس کے انعقاد کا موزوں اسٹرکچر ہی موجود نہیں ہے۔آسٹریلیا کا کہنا تھا کہ کچھ ٹورنامنٹس نفع بخش مارکیٹ میں بھی منعقد ہونا چاہیئں۔ اسی بات نے آئی سی سی کو اپنے ایک اور فیصلے سے یوٹرن لینے پر مجبور کردیا۔اب میزبانی کیلیے اوپن بڈنگ نہیں ہوگی بلکہ کونسل کا بورڈ ہی موزوں میزبانوں کا انتخاب کرے گا، جس کیلیے عمل رواں ماہ سے شروع ہوجائے گا، ستمبر میں اگلے دورانیے کے میگا ایونٹس کے میزبانوں کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا جائے گا۔یاد رہے کہ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ نے گذشتہ دورانیے میں بگ تھری بنا کر رواں سائیکل کے تمام بڑے ٹورنامنٹس آپس میں بانٹ لیے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں