پی ایس ایل 6، بقیہ میچز 9 سے 24 جون تک ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے، شیڈول جاری

ابوظہبی(آئی این پی )پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے بقیہ 20 میچز 9سے 24 جون تک شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے، جس کے بعد قومی کرکٹ ٹیم 25 جون کو مانچسٹر روانہ ہوجائے گی۔21 جون کو کوالیفائر اور ایلیمنٹر 1 سمیت ٹورنامنٹ کے بقیہ 20 میچز میں مجموعی طور پر 6 ڈبل ہیڈرز شامل ہیں۔ڈبل ہیڈرز کا پہلا میچ یو اے ای وقت کے مطابق شام 5 بجے(پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے) اور دوسرا رات 10 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 11 بجے) شروع ہوگا۔جس دن صرف ایک میچ ہوگا، اس روز میچ کا آغاز یو اے ای وقت کے مطابق رات 8 بجے (پاکستانی وقت کے مطابق 9 بجے) ہوگا۔شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر 15واں میچ 9 جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ایونٹ کے آغاز میں تاخیرایسے لاجسٹک اور آپریشنل چیلنجز کی وجہ سے ہوئی جو پی سی بی کے کنٹرول سے باہر تھے۔اسلام آبا د یونائیٹڈ اور لاہور قلندر زکی ٹیموں کے گزشتہ روز شیخ زید اسٹیڈیم ابوظہبی میں ٹریننگ کی،ایونٹ میں شریک باقی 4 ٹیمیں جمعرات سے ٹریننگ سیشنز کا آغاز کریں گی۔جن کھلاڑیو ں اور اسپورٹ اسٹاف نے اپنی سات روزہ روم آئسولیشن مکمل کرلی ہے اور ان کے تینوں پی سی آر ٹیسٹ کے رزلٹ منفی آئے ہیں، انہیں ٹریننگ سیشنز میں شرکت کی اجازت مل گئی ہے۔ پی سی بی نے کھلاڑیوں،فرنچائزز، ایونٹ اورکمرشل پارٹنرز کی سہولت کے پیش نظر اس شیڈول کو قابل عمل بنانے کے لیے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرکے اسکواڈ کو 25 جون کو انگلینڈ بھیجنے پر اتفاق کیا ہے۔قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور اسپورٹ اسٹاف 25 جون کو یو اے ای سے مانچسٹر روانہ ہوں گے، جہاں سے وہ ڈربی پہنچ کر ضروری قرنطینہ اور ٹریننگ سیشنز میں حصہ لیں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم 6 جولائی کو ڈربی سے کارڈف پہنچے گی،جہاں وہ 8 جولائی کو سیریز کا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے گی۔نئے شیڈول کے مطابق 3 سے 8 جون تک ٹیمیں پریکٹس سیشنزمیں حصہ لیں گی۔9 جون کو لاہور قلندرز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ،10 جون کو ملتان سلطانز بمقابلہ کراچی کنگز،پشاور زلمی بمقابلہ لاہور قلندرز،11 جون کو اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،12 جون کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ پشاور زلمی،13 جون کو اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ لاہور قلندرزاورملتان سلطانز بمقابلہ پشاور زلمی،14 جون کو اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ کراچی کنگز،15 جون کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ لاہورقلندرزاورپشاور زلمی بمقابلہ کراچی کنگز،16 جون کو ملتان سلطانز بمقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز،17 جون کو اسلام آباد یونائیٹڈ بمقابلہ پشاور زلمی اورکراچی کنگز بمقابلہ لاہور قلندرز، 18 جون کو ملتان سلطانز بمقابلہ لاہور قلندرز،19 جون کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بمقابلہ کراچی کنگز اورملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ میچ کھیلا جائے گا۔21 جون کو کوالیفائر (پوائنٹس ٹیبل پر پہلی بمقابلہ دوسری پوزیشن والی ٹیم )، ایلیمینیٹر 1 (پوائنٹس ٹیبل پر تیسری بمقابلہ چوتھی پوزیشن والی ٹیم)،22 جون کو ایلیمینیٹر 2 (کوالیفائر ہارنے والی ٹیم اور ایلیمینیٹر 1کی فاتح ٹیم) جبکہ 24 جون کوفائنل کھیلا جائیگا۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے کہا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 6 کے بقیہ 20 میچز کی ابوظہبی میں میزبانی ہماری لیگ کے مستحکم ہونے کی واضح علامت ہے، ایچ بی ایل پی ایس ایل اپنے آغاز سے ہی متعدد چینلجز سے نمٹ کر بہتر اور مضبوط بن کر ابھرتی رہی ہے۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا کہ پی سی بی کے لیے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی پذیرائی اور ساکھ بڑی اہمیت کی حامل ہیاور انہیں خوشی ہے کہ ہمارے فیصلوں کی بدولت لیگ کا چھٹا ایڈیشن مکمل ہونے جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا پاکستان میں مکمل انعقاد ہمیشہ سے ہماری ترجیح رہی ہے تاہم چند غیرمعمولی حالات کے پیش نظر ہمیں اس ٹورنامنٹ کے بقیہ 20 میچز یہاں سے منتقل کرنے پڑے ہیں، ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کا مکمل انعقاد پاکستان میں کرنا ہی ہماری اولین ترجیح ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ متحدہ عرب امارت اور پاکستان کی حکومتوں کے تعاون کے مشکور ہیں ، وہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ، ابوظہبی اسپورٹس کونسل اور تمام فرنچائز مالکان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ جو ہمارے ساتھ کھڑے رہے۔ ابوظہبی اسپورٹس کونسل کے جنرل سیکرٹری عزت مآب عارف ال اعوانی کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کی میزبانی ابوظہبی اور اس کی اسپورٹس سہولیات کے فروغ میں بہت اہم ثابت ہوگی، پی سی بی اور احسان مانی کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے اور خوش آئند ہیں، جس کی بدولت ہمیں حکومت کی طرف سے تمام حل طلب معاملات پرچھوٹ کی منظوری ملی۔انہوں نے کہا کہ ابوظہبی کرکٹ اور ابوظہبی اسپورٹس کونسل کی طرف سے وہ تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں، یقین ہے کہ یہ اپنی کرکٹ اسکلز کی بدولت دنیا بھر میں موجود شائقین کرکٹ کو محظوظ کریں گے۔ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے نائب چیئرمین خالد الظارونی کا کہنا ہے کہ ای سی بی کو ایک بار پھرایچ بی ایل پی ایس ایل کے میچز کی یو اے ای میں میزبانی پر خوشی ہے، یہ وہی جگہ ہے کہ جہاں سے 6 سال قبل اس لیگ کا آغاز ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ یہ تمام میچز ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے جہاں عالمی معیار کی سہولیات موجود ہیں، گو کہ کورونا وائرس کی عالمی وبائ￿ کے باعث دنیا بھر کو مختلف چیلنجز درپیش ہیں تاہم ای سی بی اپنے چیئرمین عزت مآب شیخ نہیان بن مبارک النہیان کی سربراہی میں اس ایونٹ کو یادگار بنانے کے لیے پی سی بی کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔نائب چیئرمین ایمریٹس کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں میں یو اے ای کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک بہتری اور ترجیح وینیو بن کر ابھرا ہے اور اس کی وجہ یہاں موجود انفراسٹرکچر اور آپریشنزمیں آسانی کی سہولیات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابوظہبی اسپورٹس کونسل اور ابوظہبی کرکٹ کے اشتراک سے ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کو کامیاب بنانے کے لیے تمام تر توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے، وہ پی سی بی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس لیگ میں اعلیٰ معیار کی کرکٹ دیکھنے کے منتظر ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں