آئی سی سی نے 2024 سے 2031 تک ہونے والے ایونٹس کا اعلان کردیا

دبئی(آئی این پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی ) نے 2024سے2031 تک ہونے والے ایونٹس کا اعلان کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز آئی سی سی بورڈ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس میں دو ہزار چوبیس سے دوہزار اکتیس تک کے کلینڈر کا اعلان کیا گیا، آئی سی سی نے ایسوسی ایٹ ٹیموں کے اعتراض پر پچاس اوورز کے ورلڈکپ میں ٹیموں کی تعداد 10 سے بڑھاکر 14 کردی ہے۔چیمپئنز ٹرافی ایک بار پھر آئی سی سی کے کیلنڈر میں شامل کردیا گیا ہے، آئی سی سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ دوہزار پچیس اور دوہزار انتیس میں چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا جس میں ٹاپ آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔آئی سی سی کے مطابق آئندہ چار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب 20ٹیمیں شرکت کرینگی، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 55میچز کھیلے جائیں گے،5 ٹیموں پر مشتمل چار گروپ تشکیل دیئے جائیں گے،تمام گروپس میں پہلی دو ٹیموں کے درمیان سپر 8 رائونڈ کھیلا جائیگا۔آئی سی سی بورڈ نے اگلے دورانیے کے تمام مینز، ویمنز اور انڈر 19ایونٹس کی میزبانی کیلیے کارروائی کی بھی منظوری دے دی، مینز ایونٹس کے میزبانوں کی سلیکشن کا عمل رواں ماہ شروع ہوگا، حتمی میزبانوں کا فیصلہ ستمبر میں سنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں