پاکستان سپر لیگ کا فائنل 24 جون کو کرانے پر اتفاق، پی سی بی کی پی ایس ایل فرنچائز مالکان کے ساتھ میٹنگ کی تفصیلات جاری

لاہور(آئی این پی ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کے فرنچائز مالکان کے ساتھ میٹنگ کی تفصیلات جاری کردیں۔پی سی بی کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم دورہ انگلینڈ پر 23 کے بجائے 25 جون کو روانہ ہوگی اورپاکستان سپر لیگ کا فائنل اب 24 جون کوکروایا جائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے بقیہ میچز کا ابوظبی میں انعقاد یقینی بنانے کیلئے قومی ٹیم کی برطانیہ روانگی کا شیڈول دو روز کیلئے آگے کردیا ہے تاہم راہیں اب بھی دشوار اور کٹھن نظر آرہی ہیں۔ پی سی بی کی جانب سے فرنچائز مالکان کو بتایا گیا کہ پی ایس ایل 6 اب 20 کی بجائے 24 جون کو ختم ہوگی اور 25 جون کو انگلینڈ روانگی کا مطلب ہے کہ اگر ٹورنامنٹ7 جون کو شروع ہوتا ہے تو ٹورنامنٹ میں صرف تین ڈبل ہیڈرز شامل ہوں گے۔فرنچائزز کو بھارت سے تعلق رکھنے والے پراڈکشن کریو میں شامل 16 افراد سے متعلق آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ تمام افراد اب دبئی میں آئسولیشن مکمل کررہے ہیں، ان افراد کو گزشتہ ہفتے ابوظبی میں داخلے کی اجازت ملی تھی، ابوظبی کی انتظامیہ ان افراد کو 5 جون سے ابوظبی میں کام کرنے کی اجازت دینے سے متعلق فیصلہ بدھ کی دوپہر تک کرلے گی، اگر اجازت ملی تو ایونٹ کا آغاز 7 جون سے ہوسکتا ہے۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ چارٹرڈ فلائٹس سے 26 مئی کو پہنچنے والے تمام افراد کی آئسولیشن بدھ کو مکمل ہوجائے گی جس کے بعد لاہور اور اسلام آباد کی ٹیمیں بدھ کی رات ٹریننگ کریں گی ۔ دوسری جانب سرفراز احمد، ذیشان اشرف اور زید عالم سمیت 6 افراد ابوظبی پہنچ گئے ہیں جب کہ ملتان سلطانز نے اوبیڈ مکائے کی جگہ مزارابانی کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close