بابر اعظم نے ویرات کوہلی سے ایک اور اعزاز چھین لیا

ہرارے ( پی این آئی )قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے قائد ویرات کوہلی کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا،بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں تیز ترین 2000 رنز مکمل کر لیے۔بابراعظم نے کیرئیر کی 52 ویں اننگز میں 2000 رنز کا سنگ میل عبور کیا جبکہ ویرات کوہلی نے 56 اننگز میں تیز ترین 2000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنائے تھے۔

بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 2000 رنز بنانے والے تیسرے پاکستانی کرکٹر ہیں۔ اس سے قبل محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی 2000 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز رنز بناچکے ہیں۔کراچی؛ بابر مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں دو ہزار رنز بنانے والے دنیا کے گیارہویں بیٹسمین ہیں۔واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ٹی20 ریکنگ میں بھی دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ اس سے قبل وہ تیسرے نمبر پر تھے۔ وہ ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں اور کوہلی کو انہوں نے دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا ہے۔ بابراعظم 863 پوائنٹس کے ساتھ ون ڈے رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن پر براجمان ہیں۔ نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں بابراعظم چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔ بابراعظم ٹی20کرکٹ میں تیزترین6 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بھی ہیں۔ انہوں نے 165 میچز میں 6 ہزار رنز مکمل کئے ہیں۔ بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے 184 میچز کھیل کر 6 ہزار رنز مکمل کئے تھے۔ بابراعظم نے2015 سے اپنے ایک روزہ کیریئر کا آغاز کیا تھا اور تین سال بعد ہی دوسرے نمبر پر آگئے تھے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کو نمبر ون پوزیشن تک پہنچنے میں6 سال لگے۔ ویرات کوہلی2008 سے ون ڈے کرکٹ کھیل رہے ہیں اور2013 میں پہلی بار نمبر ون کھلاڑی بنے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close