ہرارے (پی این آئی) زمبابوے کیخلاف دوسرے ٹی ٹونٹی میں 119 رنز کے ہدف کے تعاقب میں محض 99 رنز پر ڈھیر ہونے والی قومی ٹیم نے ایک اور بدترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ یہ پاکستان کی ٹی ٹونٹی کرکٹ کی 15 سالہ تاریخ کا کم ترین سکور ہے جسے گرین شرٹس حاصل نہیں کرسکے۔ اس سے قبل قومی ٹیم 2010ء میں آسٹریلیا کے خلاف میلبورن میں 128 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی تھی، 2012ء میں ابوظہبی میں انگلینڈ نے پاکستان کو 130 رنز کا ٹارگٹ دیا جسے قومی ٹیم پورا نہ کرسکی، 2012ء میں ہی ہمبنٹوٹا میں قومی ٹیم سری لنکا کے خلاف 133 رنز کا ہدف حاصل نہیں کرسکی تھی، 2010ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم باربڈوس میں نیوزی لینڈ کے خلاف 134 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی تھی ۔یاد رہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابرکردی۔ہرارے میں کھیلے جارہے تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی جس کے جواب میں زمبابوے کی جانب سے اننگز کا آغاز ٹیناشے اور برینڈن ٹیلر نے کیا ۔ برینڈن ٹیلر اور تناشے کمن ہکاموے نے اننگز کا محتاط آغاز کیا لیکن ٹیلر صرف 5 رنز بنا کر ہی فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔قومی ٹیم کی مضبوط بولنگ کے سامنے میزبان ٹیم کا کوئی کھلاڑی زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہ سکا، صرف اوپنر ٹیناشے نے 34 اور ریگس چاکابوا نے 18 رنز بنائے جس کی بدولت زمبابوے کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز ہی بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور دانش عزیز نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، ارشد اقبال، حارث رؤف اور عثمان قادر نے ایک، ایک حاصل کی۔کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ہدف کا تعاقب سست روی سے کیا اور 5 اوورز میں محض 21 رنز بنائے۔محمد رضوان 18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے، فخر زمان 7 گیندوں پر 2 رنز بنا سکے۔ محمد حفیظ سیریز میں ایک مرتبہ پھر ناکام رہے اور صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بلے باز تھے، انہوں نے 45 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔آصف علی ایک مرتبہ پھر ٹیم کے کام نہ آسکے اورصرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے،فہیم اشرف بھی دباؤ برداشت نہ کر پائے اور 19 ویں اوور میں 87 کے اسکور پر 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔دانش عزیز کو بھی سیریز میں مسلسل موقع دیا گیا لیکن وہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار نہیں کر پائے اور سست بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جس میں صرف ایک چوکا شامل تھا۔پاکستان کی ٹیم آخری اوور میں 99 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور میچ 19 رنز سے ہار گئی۔ آخری اوور میں حارث رؤف 6، عثمان قادر اور ارشد اقبال صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ زمبابوے کی جانب سے لیوک جونگوے نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کو سیریز میں شان دار کامیابی دلائی۔دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کے لیے قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد نواز اور حیدر علی کی جگہ ارشد اقبال اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ زمبابوے کی ٹیم میں کپتان سین ولیمز کو آرام کا موقع دیا گیا ہے اور ان کی جگہ برینڈن ٹیلر کپتان ہوں گے، اس کے علاوہ کریگ ایرون فٹنس مسائل کی وجہ سے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں اور ان کی جگہ ٹیرسائی مساکانڈا ٹیم میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں