محمد رضوان کی دھواں دار بلے بازی، ٹی ٹونٹی فارمیٹ کی تاریخ ہی بدل دی، منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا

لاہور (پی این آئی) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے ٹی ٹونٹی کرکٹ کی 16 سالہ تاریخ کا منفرد ترین ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ محمد رضوان کیریئر کے دوران کسی بھی موقع پر 9 ٹی ٹونٹی میچز میں سب سے زیادہ رنز سکور کرنیوالے بلے باز بن گئے ہیں ۔ 28 سالہ محمد رضوان نے اپنے آخری 9 ٹی ٹونٹی میچز میں 103 کی اوسط اور 145 کے سٹرائیک ریٹ سے 515 رنز سکور کیے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔اس سے قبل آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے 9 ٹی ٹونٹی میچز کے ٹائم پیریڈ میں 502 رنز بنائے تھے، آسٹریلیا ہی کے ایرون فنچ 501 رنز کے ساتھ تیسرے، بھارت کے روہت شرما 496 رنز سکور کرکے چوتھے، بھارتی کپتان ویرات کوہلی 488 رنز بنا کر 5ویں، پاکستان کے بابراعظم 468 رنز کے ساتھ چھٹے اور قومی آل رائونڈر محمد حفیظ 468 رنز کے ساتھ 7ویں نمبر پر موجود ہیں ۔اس سے قبل 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو 11 رنز سے شکست دیکر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی ۔ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل ناکام ثابت ہوئی تاہم محمد رضوان کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 149 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔زمبابوے کی جانب سے تناشے کمن ہکاموے اور ویزلے میڈھویرے نے اننگز کا آغاز کیا، میڈھویرے نے جارحانہ آغاز کیا تاہم وہ 14 رنز پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے جس کے بعد اپنا پہلا میچ کھیلنے والے تدی وانشے مرومانی کریز پر آئے اور پہلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا دی۔تناشے کمن ہکاموے اور کریگ ارون کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم محمد حفیظ نے اس شراکت کا خاتمہ کیا، کمن ہکاموے29 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، اگلے ہی اوور میں ایرون کی ہمت بھی 34 رنز پر جواب دے گئی۔ کپتان سین ولیمز صرف 9 رنزبناسکے۔ وکٹ کیپر بیٹسمین ریگس چکابوا 3 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ ریان برل اور لیوک جونگوے نے آخری لمحات میں اچھا کھیل پیش کیا تاہم وہ ٹیم کو جیت سے ہمکنار نہ کرواسکے۔قومی ٹیم کی جانب سے عثمان قادر نے 3، محمد حسنین 2 جب کہ محمد حفیظ اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابراعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ 8 کے مجموعی سکور پر مزاربانی نے بابراعظم کو آؤٹ کردیا، انہوں نے صرف 2 رنز بنائے۔ بابر کے بعد رضوان کا ساتھ نبھانے فخر زمان میدان میں اترے اور دونوں نے 34 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس موقع پر فخر زمان کو مدھیویرے نے 13 رنز پر آؤٹ کردیا۔تیسرے آؤٹ ہونیوالے کھلاڑی محمد حفیظ تھے جو صرف 5 رنز بناسکے۔ اپنا پہلا ٹی ٹونٹی کھیلنے والے دانش عزیز 15 رنز کے مہمان ثابت ہوئے،حیدر علی ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے، وہ صرف 5 رنز بناسکے۔ فہیم اشرف صرف ایک رن بناسکے۔ محمد رضوان نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، وہ 82 رنز پر ناٹ آؤٹ واپس آئے، ان کی اننگز میں 10 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی جانب سے دانش عزیز آج اپنا ڈیبیو کر رہے ہیں۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ٹی20 سیریز کے اگلے دو میچز بھی ہرارے میں 23 اور 25 اپریل کو کھیلے جائیں گے اور سٹیڈیم میں شائقین کو داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ ٹی20 سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز بھی کھیلی جائے گی۔ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں بابراعظم (کپتان)، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، حیدر علی، دانش عزیز، محمد نواز، فہیم اشرف، عثمان قادر، محمد حسنین اور حارث رؤف شامل ہیں جب کہ زمبابوے کی ٹیم سین ولیمز (کپتان)، تِناشے کموہکاموے، ویزلے مدہیورے، تدیوَناشے مرومانی، کریگ اروائن، رائن بَرل، ریجِس چاکبوا، لیوک جونگوے، ویلنگٹن مساکڈزا، بلیسنگ موزاربانی اور رِچرڈ نراوا پر مشتمل ہے ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close