باغی سپر لیگ نے یورپی فٹبال کی یکجہتی میں دراڑ ڈال دی، 12طاقتورترین کلبز نے باغی سپر لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا

پیرس(آئی این پی)یورپی فٹبال کی یکجہتی میں دراڑ پڑگئی جب کہ 12طاقتورترین کلبز نے باغی سپر لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔سب سے طاقتور 12 یورپیئن کلبز نے گذشتہ روز یورپیئن سپر لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا،اس ایونٹ کو یوئیفا کی منظوری حاصل نہیں،اسے بڑے کلبز کی لالچ قرار دیا جا رہا ہے۔ای ایس ایل کے 12 فاونڈنگ ممبرز میں 6پریمیئر لیگ ٹیمیں لیورپول، مانچسٹر یونائیٹڈ، آرسنل، چیلسی، مانچسٹر سٹی، ٹوٹنہم،اسپینش سائیڈز ریئل میڈرڈ، بارسلونا،ا یٹلیٹکو میڈرڈ کے ساتھ یووینٹس، انٹرمیلان اور اے سی میلان شامل ہیں۔ای ایس ایل کاکہنا ہے کہ فاونڈنگ کلبز ہفتے کے وسط میں کھیلے جانے بوالے ٹورنامنٹ پر متفق ہیں، اس کے ساتھ وہ اپنی متعلقہ نیشنل لیگز میں بھی حصہ لیتے رہیں گے،ای ایس ایل کے ابتدائی ایڈیشن کا انعقاد جلد ہوگا،اس میں 3 مزید فاونڈنگ کلب شامل کیے جائیں گے جبکہ باقی5کا فیصلہ کوالیفائنگ مرحلے میں ہوگا۔فاونڈنگ کلبز کو انفرااسٹرکچر کی بہتری اورکوویڈ اثرات سے نمٹنے کیلیے 3.5بلین یورو دیے جائیں گے، ہر سیزن میں یہ 15 کلبز براہ راست ایونٹ میں جگہ پائیں گے،دوسری جانب ایس ایل کلبزکو لالچی قرار دیا جا رہا ہے۔یوئیفا اور3ممالک کی نیشنل فٹبال باڈیز نے خبردار کیاکہ ان کلبز کے ڈومیسٹک اور چیمپئنز لیگ میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے، یوئیفا نے دھمکی دی کہ اس باغی لیگ میں حصہ لینے والے فٹبالرز اپنے ممالک کی انٹرنیشنل سطح پر نمائندگی نہیں کرپائیں گے، مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ہم اس باغی لیگ کا راستہ روکنے کیلیے متحد ہیں۔برطانوی وزیراعظم بورس جونسن نے کلبز سے کہا کہ وہ مزید کوئی قدم اٹھانے سے پہلے شائقین اور فٹبال برادری کو جواب دیں۔ادھر فیفا نے سپرلیگ پلان کو مسترد کرتے ہوئے تمام فریقین سے ٹھنڈے دماغ سے کھیل کے مفاد میں فیصلہ کرنے پر زور دیا ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close