بابراعظم کی نگاہیں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 2000رنز پر مرکوز ہو گئیں

ہرارے(آئی این پی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں اپنے 2000رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 60رنز درکار ہیں۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اگر زمبابوے کے خلاف سیریز میں یہ کارنامہ سرانجام دے دیتے ہیں تو وہ تیزترین 2000ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل رنز بنانے والے دنیا کے پہلے بیٹسمین بن جائیں گے۔بابراعظم اب تک 49ٹی ٹونٹی میچز میں 48.50کی اوسط سے 1940رنزبناچکے ہیں۔ محدود ترین فارمیٹ میں تیز ترین 2000رنز کا ہندسہ بھارت کے ویرات کوہلی نے 56ٹی ٹوئنٹی اننگز میں عبور کیا تھا۔یہی نہیں بابراعظم دنیا کے 11ویں بیٹسمین ہوں گے جو ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 2000 رنز بنائیں گے۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سریز کا آغاز 21اپریل سے ہوگا۔ سیریز کے تمام میچز ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اس وقت بہترین بیٹنگ فارم میں ہیں۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے چار میچوں میں 52.50 کی اوسط سے مجموعی طور پر 210رنز بنائے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف مین آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کرنے والے بابراعظم نے سیریز کے تیسرے میچ میں سنچری بھی اسکور کی تھی۔بابراعظم کی عمدہ بیٹنگ فارم کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 1-3 سے کامیابی حاصل کی تھی۔فی الحال عالمی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے جبکہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 262 ہے۔ اگر پاکستان زمبابوے کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے تینوں میچز جیت جاتا ہے تو اسے ایک پوائنٹ ملے گا تاہم سیریز کا ایک میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان کو دو پوائنٹس گنوانے پڑیں گے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک کھیلے گئے تمام 14 ٹی ٹونٹی میچوں میں جیت پاکستان کے نام رہی۔ پاکستان نے آخری مرتبہ 2018 میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا، جہاں کھیلے گئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close