پاکستان اور زمبابوے کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی آج ہرارے میں کھیلا جائیگا

ہرارے(آئی ا ین پی)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز کا پہلا میچ (آج)بدھ کو ہرارے میں ہوگا۔ہرارے اسپورٹس کلب میں ہیڈ کوچ مصباح الحق کی زیر نگرانی پیر کو چار گھنٹے طویل ٹریننگ سیشن ہوا۔ ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں نے پریکٹس میں شرکت کی۔ بالنگ کوچ وقار یونس کی غیر موجودگی میں مصباح الحق اور دیگر کوچز نے بالرز کی مدد کی۔ اہلیہ کی سرجری کے باعث وقار یونس رخصت لیکر زمبابوے سے آسٹریلیا چلے گئے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کے بعد دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلی جائے گی۔ تمام میچز ہرارے میں ہی شیڈول ہیں۔عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کی ٹیم چوتھے نمبر پر موجود ہے جب کہ اس کے پوائنٹس کی تعداد 262ہے۔اگر پاکستان زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز جیت جاتا ہے تو اسے ایک پوائنٹ ملے گا تاہم سیریز کا ایک میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان کو 2پوائنٹس گنوانے پڑیں گے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان اب تک کھیلے گئے تمام 14ٹی ٹونٹی میچوں میں جیت پاکستان کے نام رہی۔اگرچہ پوائنٹس کم ہونے یا بڑھنے سے پاکستان کی چوتھی پوزیشن پر کوئی اثر نہیں پڑے گا مگر صرف ایک شکست کی صورت میں پانچویں نمبر پر موجود نیوزی لینڈ سے اس کا فرق صرف 5پوائنٹس کا رہ جائے گا۔یاد رہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں اس وقت انگلینڈ کی ٹیم 272پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جب کہ 270پوائنٹس کے ساتھ بھارت دوسرے اور 267 پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیا تیسرے نمبر موجود ہے۔پاکستان نے آخری مرتبہ 2018میں زمبابوے کا دورہ کیا تھا، جہاں کھیلے گئے سہ فریقی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دی تھی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close