سعودی عرب کی اپنی کرکٹ ٹیم بنانے کی تیاریاں‎

ریاض(پی این آئی) سعودی عرب نے اپنی قومی کرکٹ ٹیم بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے اس بات کا انکشاف خلیج کے ممتاز انگریزی اخبار نے کیا ۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن (ایس اے سی ایف) کے چیئرمین شہزادہ سعود بن مشال السعود نے واضح طور پر کہا کہ سعودی عرب نے نیشنل کرکٹ ٹیم بنانے پرنظریں مرکوز کرلی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وژن 2030 کے تحت کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا جس کے تحت مسابقتی قومی کرکٹ ٹیم تشکیل دی جائے گی۔رپورٹ کے مطابق عرب کرکٹ فیڈریشن کے چیئرمین کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت نوجوانوں کو کھیلوں اور دیگر صحت مندانہ سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جائے گا۔شہزادہ سعود بن مشال السعود نے اس ضمن میں مؤقف اپنایا کہ سعودی عرب میں ایشیائی ممالک سے تعلق رکھنے والے 80 لاکھ سے زائد شہری موجود ہیں اور یہ زیادہ تر ان ممالک سے تعلق رکھتے ہیں جہاں کرکٹ نہایت مقبول کھیل ہے۔اخبار کے مطابق شہزادہ سعود بن مشال السعود کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں اور کالجوں میں کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرائیں گے جس کے ذریعے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا ، ایشیا سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بھی مواقع دئیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close