لاہور (پی این آئی ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے شائقین کیلئے دنیائے کرکٹ کے 4 بہترین کپتانوں کے حوالے سے ٹوئٹر پر پول جاری کیا جس میں عمران خان 47 فیصد ووٹ حاصل کرکے بہترین کپتان بن گئے۔ آئی سی سی کی جانب سے پولنگ کیلئے دیئے گئے کپتانوں میں قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران
خان ، بھارت کے موجودہ کپتان ویرات کوہلی، آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی موجودہ کپتان میگ لیننگ اور جنوبی افریقہ کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز شامل تھے۔24 گھنٹوں کیلئے جاری کیے گئے پول میں 5 لاکھ 36 ہزار سے زائد لوگوں نے حصہ لیا اورعمران خان بہترین کپتان قرار پائے۔ سابق پاکستانی کپتان کے بعد دوسرے نمبر پر بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو 46 فیصد ووٹ ملے۔پول کا آغاز کرتے ہوئے آئی سی سی نے لکھا کہ ’آپ فیصلہ کریں کہ ان میں سے کون کون سے ’پیسٹرز‘ سب سے اچھے تھے‘۔ آئی سی سی کے ٹویٹس سے پتہ چلتا ہے کہ ویرات کوہلی کی بطور بلے باز اوسط 51.29 تھی لیکن ٹیم کی قیادت سنبھالنے کے بعد ان کی اوسط 73.88 تک پہنچ گئی ۔جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز کی بطور بلے باز اوسط 45.97 تھی لیکن کپتانی کے دوران ان کی اوسط بڑھ کر 63.94 تک پہنچ گئی۔ میگ لیننگ کی بطور بلے باز اوسط 43.97 تھی لیکن قیادت ملنے بعد اوسط بڑھ کر 60.93 ہوگئی ۔ پاکستان کے موجودہ وزیراعظم اور قومی ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی ٹیسٹ کرکٹ میں عام کھلاڑی کی حیثیت سے بیٹنگ اوسط 25.43 اور بائولنگ اوسط 25.53 تھی۔بطور کپتان ورلڈ کپ 1992ء جیتنے والے عمران خان کی قیادت ملنے کے بعد بیٹنگ اوسط 52.34 اور بائولنگ اوسط 20.26 رہی ۔اس جیت کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے علاوہ پی ٹی آئی کے وزرا نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ پر اپنے لیڈر کی کامیابی کا بھرپور تذکرہ کیا، پارٹی کے اکاؤنٹ سے ٹویٹ
کیا گیا کہ عمران خان کا کوہلی سے موازنہ درست نہیں کیونکہ وہ صرف کرکٹر ہی نہیں، بلکہ کینسر ہسپتال اور نمل یونیورسٹی کے بانی بھی ہیں۔دوسری جانب بھارتی صارفین نے دھاندلی کے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پولنگ ختم ہونے سے صرف 17 منٹ پہلے تک کوہلی جیت رہے تھے تو پھر اچانک عمران خان کی جیت کیسے ہوگئی؟۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں