لاہور (پی این آئی) شرجیل خان کی بین الاقوامی کرکٹ میں جلد واپسی کا امکان، پی سی بی کی سليکشن کميٹی نے دورہ جنوبی افريقہ کیخلاف ہوم ٹی20 سيريز ميں شرجيل خان موقع دينے کا فیصلہ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پی سی بی نے شرجیل خان کو انٹرنیشنل کرکٹ میں دوسرا موقع
دینے کا عندیہ دیا ہے۔شرجیل خان کو جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز میں موقع مل سکتا ہے۔ جارح مزاج بلے باز 3 سال سے بین الاقوامی کرکٹ سے دور ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے جنوبی افریقہ کے خلاف رواں ماہ کے آخر میں شیڈول ہوم ٹیسٹ سیریز میں فاسٹ بائولر حسن علی، ٹیسٹ اوپنر امام الحق اور کراچی کے مڈل آرڈر بیٹسمین سعود شکیل کو موقع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔26 سالہ حسن علی ورلڈ کپ 2019ء کے بعد سے ان فٹ تھے جب کہ امام الحق کے ہاتھ کے انگوٹھے میں نیوزی لینڈ میں پریکٹس کے دوران فریکچر ہوگیا تھا۔ 25 سالہ سعود شکیل پہلی بار پاکستانی ٹیم کا حصہ بنیں گے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ اوپنر شان مسعود، فاسٹ بائولر نسیم شاہ اور آل رائونڈر ظفر گوہر کو ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیم سے ڈراپ کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے ۔شان مسعود نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں 2.50 کی بدترین اوسط سے صرف 10 رنز بنا سکے تھے جب کہ نسیم شاہ بھی محض 4 وکٹیں لے سکے، ظفر گوہر نے اپنے ڈیبیو ٹیسٹ میں 159 رنز کی پٹائی برداشت کی لیکن کوئی وکٹ نہ لے سکے ۔ جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے سینئر مڈل آرڈر بلے باز اسد شفیق کی واپسی کا کوئی چانس دکھائی نہیں دیتا۔ مصباح الحق اور بابر اعظم کی ٹیم سلیکشن سے متعلق نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم سے ابتدائی بات چیت ہوئی ہے تاہم حتمی فیصلہ نیوزی لینڈ سے لاہور پہنچ کر میٹنگ میں کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں