میں نے یہ نہیں کہا کہ میں پاکستان کی نمائندگی نہیں کرنا چاہتا، محمد عامر کا محمد حفیظ کے بیان پر ردِ عمل

لاہور (پی این آئی ) قومی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عامر کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ’’پاکستان کی نمائندگی نہیں کرنا چاہتا‘‘۔ ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں پیسر کے بارے میں محمد حفیظ سے سوال کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ’یہ عامر کا ذاتی فیصلہ ہے اس لیے اس کا احترام کرنا چاہیے،اگر کوئی

پاکستان کے لیے نہیں کھیلنا چاہتا تو نہ کھیلے، اس سے زیادہ میں کچھ نہیں کہوں گا‘۔سوشل میڈیا پر 40 سالہ آل راؤنڈر کا بیان سامنے آنے پر محمد عامر نے اپنے ٹویٹ میں جواب دیا کہ ’’بھائی آپ غلط کہہ رہے ہیں، میں نے کبھی نہیں کہا کہ پاکستان کی نمائندگی نہیں کرنا چاہتا بلکہ یہ کہا تھا کہ اس مینجمنٹ کے تحت قومی ٹیم کیلیے نہیں کھیل سکتا، آپ پاکستان کیلئے اچھا کھیل رہے ہیں ،اس سے لطف اندوز ہوں‘‘۔واضح رہے کہ حفیظ اور سابق کپتان اظہر علی جنوری 2016ء میں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے قبل لگے ہوئے تربیتی کیمپ سے باہر چلے گئے تھے ، انہوں نے عامر کے سپاٹ فکسنگ ماضی کو اس کی وجہ قرار دیا تھا تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کی مداخلت کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے کیمپ کا حصہ بننے پر اتفاق کیا۔حفیظ نے بعد میں یہ واضح کیا کہ انہوں نے قومی ٹیم میں بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز محمد عامر کی واپسی کی مخالفت کیوں کی۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ اس سارے معاملے میں کچھ الجھن تھی، میں یہ واضح کردوں کہ میں نے جن خیالات کا اظہار کیا تھا اسے میرا اصولی مؤقف قرار دیا جاسکتا ہے، میرا نشانہ کوئی فرد نہیں تھا بلکہ میں اس کے جرم کیخلاف ہوں ، اگر کوئی اس طرح کی سرگرمی میں ملوث ہے تو میں پہلا شخص ہوں گا جو اپنا ہاتھ بلند کرکے اس کی ٹیم میں شمولیت کے خلاف آواز بلند کرے گا، اب کیوںکہ قومی ٹیم کے وسیع تر مفاد میں ہر ایک نے محمد عامر کی ٹیم میں واپسی کو قبول کرلیا اس لیے مجھے بھی کوئی اعتراض نہیں تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close