شرجیل خان لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے

لاہور (پی این آئی) شرجیل خان لاہور قلندر ٹیم کا حصہ بن گئے، جارح مزاج بلے باز ٹی 10 لیگ میں قلندرز کی نمائندگی کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے علاوہ اگلے ماہ متحدہ عرب امارات کے شہر ابوظہبی میں ہونے والی ٹی 10 لیگ میں بھی شرکت کی جائے گی۔ ٹورنامنٹ

کیلئے قلندرز نے اپنے کھلاڑیوں کا انتخاب کر لیا ہے۔کچھ روز قبل شاہد آفریدی بطور آئیکون پلیئر قلندرز کا حصہ بنے تھے۔ جبکہ سہیل تنویر، آصف علی، حسن علی، سہیل اختر، شرجیل خان، معاذ خان اور خورشید انور کو بھی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ٹیم میں فل سالٹ، سمت پٹیل، کرس جارڈن، ٹام بینٹون اور سلطان احمد بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ابوظہبی ٹی 10 لیگ کا آغاز اگلے ماہ کی 28 تاریخ سے ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں کل 8 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ شاہد خان آفریدی لاہور قلندرز کی ٹیم میں شامل، مداحوں کیلئے خوشخبری آگئی قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی ٹی ٹین لیگ میں لاہور قلندر کی نمائندگی کریں گے۔ 40 سالہ آل رائونڈر کو 28 جنوری سے ابوظہبی میں شروع ہونے والے ایونٹ کے لیے بطور آئیکون پلئیر منتخب کیا گیا ہے۔ لاہورپریس کلب میں پریس کانفرنس میں شاہد آفریدی کے قلندر فیملی کا حصہ بننے کا اعلان کرتے ہوئے فرنچائز کے چیف ایگزیکٹو عاطف رانا کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی کی شمولیت سے ٹیم قلندرکا کمبی نیشن مضبوط ہوگا۔شاہد آفریدی ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں جن کی دھوم اب بھی پوری دنیا میں ہے، آفریدی کی شمولیت سے لاہور قلندرز کی ٹیم مزید اچھا پرفارم کرسکے گی۔لاہور قلندرز کے کوچ عاقب جاوید نے شاہد آفریدی کی ٹیم میں شمولیت کو شاندار اضافہ قرار دیا۔اس موقع پر لاہور قلندرز کے مارکیٹنگ شعبہ کی طرف سے ٹیم کے ٹی ٹین لیگ کے ٹائٹل سپانسر شپ کے معاہدے پر دستخط بھی کیے گئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس شاہد خان آفریدی پی سی بی کی جانب سے پاکستانی کرکٹرز کو این او سی جاری نہ کیے جانے کی وجہ سے لیگ نہیں کھیل سکے تھے لیکن اس مرتبہ انہیں این او سی جاری کردیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں