نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان ، شائقین کرکٹ کو بڑی خوشخبری سنا دی گئی

لاہور (پی این آئی ) 18 سال کے طویل عرصے کے بعد نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم نے 2021ء میں دورہ پاکستان پر غور شروع کردیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی فیوچر ٹور پروگرام کے تحت پاکستان کو آئندہ برس ستمبر اور اکتوبر میں نیوزی لینڈ کی 3ون ڈے اور3 ٹی 20 میچوں میں میزبانی کرنی ہے اور اس کے

علاوہ انگلینڈ کی ٹیم بھی اگلے سال اکتوبر میں 2 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے کے لیے پاکستان آنے کی تصدیق کرچکی ہے جسے دیکھتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ نے بھی پاکستان کے دورے پر غور کرنا شروع کردیا ہے ۔نیوزی لینڈ کے پبلک افیئرز منیجر رچرڈ بوک نے رابطہ کیے جانے پر تصدیق کی کہ بلیک کیپس نے اگلے سال پاکستان کے دورے پر غور کرنا شروع کردیا ہے لیکن فی الوقت میچز کے لیے وینیوز کا کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ ابھی تک پاکستان کے خلاف سیریز کے لیے وینیوز کا تعین کیا جانا باقی ہے تاہم انہوں نے انگلش کرکٹ بورڈ کے دورہ پاکستان کے فیصلے کو سامنے رکھتے ہوئے اس معاملے پر کھلے ذہن سے غور کرنا شروع کردیا ہے لیکن کیوں کہ ابھی تک ان کی اس حوالے سے کھلاڑیوں یا پلیئرز ایسوسی ایشن سے کوئی بات چیت نہیں ہوسکی اس لیے وہ ابھی کوئی حتمی بات کہنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔یاد رہے کہ کرس کیئرنز کی زیر قیادت نیوزی لینڈ کی بیشتر سینئر کھلاڑیوں سے محروم قدرے کمزور ٹیم ون ڈے سیریز کھیلنے 2003ء میں پاکستان آئی تھی جسے 5-0 سے وائٹ واش خفت کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close