لاہور (پی این آئی) پی سی بی 24 سال بعدکونسی ٹیم کی میزبانی یقینی بنانے کیلئے سرگرم؟ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو 24 سال بعد دورہ پاکستان کے لیے قائل کرنے کی کوشش شروع کردی ہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کرکٹ بورڈ کے ساتھ کئی معاملات پر
مذاکرات کا سلسلہ چل رہا ہے اور ہمیں امید ہے کہ کینگروز 2022ء میں ہونیوالی باہمی سیریز کھیلنے کے لیے 24 سال بعد پاکستانی سرزمین پر قدم رکھیں گے، 2022ء میں آسٹریلیا کا دورہ پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے فیوچر ٹور پروگرام کا حصہ ہے ۔وسیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کی صورتحال میں بہت بہتری آچکی ہے لہذا آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے پاس اپنی ٹیم کو انٹر نیشنل مقابلوں کیلئے پاکستان نہ بھیجنے کا کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیئے ۔ایک سوال کے جواب میں وسیم خان کا کہنا تھا کہ ابھی تک آسٹریلین کرکٹ بورڈ کے ساتھ ممکنہ سیریز کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا ہے لیکن ابتدائی بات چیت میں کرکٹ آسٹریلیا کے حکام کا رویہ بہت مثبت نظر آیا ۔وسیم خان نے بتایا کہ پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا کے انٹرنیشنل کرکٹ ڈیپارٹمنٹ باہمی مقابلوں کو فروری ،مارچ 2022ء میں یقینی بنانے کے لیے کام کررہے ہیں، 2022ء تک کئی غیر ملکی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کرچکی ہوں گی لہذا کرکٹ آسٹریلیا کو بھی فیصلہ کرنے میں آسانی ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ آسٹریلین ٹیم کو 2022ء میں 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے ،آسٹریلین ٹیم نے مارک ٹیلر کی قیادت میں آخری مرتبہ 1998ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں