لاہور قلندرز بمقابلہ ملتان سلطان میچ کا حیران کن نتیجہ آگیا، کونسی ٹیم فائنل کھیلے گی؟

کراچی (پی این آئی ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے دوسرے ایلیمینیٹر میں ملتان سلطانز کوہرا کر لاہور قلندرز نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے بہترین آغاز کیا اور 4.2 اوورز میں 47 رنز بنا لیے جس کے بعد ذیشان اشرف 12 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، انگلینڈ

سے تعلق رکھنے والے ایڈم لائیتھ نے اپنی ٹیم کا سکور آگے بڑھاتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی،ڈیوڈ ویزے نے بہترین بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں اپنا تجربہ دکھاتے ہوئے ایڈم لیتھ کی وکٹ حاصل کی، لیتھ 50 رنز پر آؤٹ ہوئے،کپتان شان مسعود ، ریلی روسو کے ساتھ سکور 102 رنز تک پہنچاکر27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔روی بوپارہ صرف 1 رنز بنا کر ویزے کے ہاتھوں پوویلین لوٹ گئے ،رائلی روسوو بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 18 رنز بنا کر حارث رئوف کے ہاتھوں پوویلین لوٹے جنہوں نے اگلی ہی گیند پر شاہد آفریدی کو بھی بولڈ کردیا،سہیل تنویر بھی صرف 3 رنز بنا کر ویزے کی گیند پر بولڈ ہوگئے،خوشدل شاہ نے 2 چوکوں اور 2چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر ملتان کی امیدیں پھر سے روشن کیں تاہم شاہین شاہ آفریدی نے ان کا بوریا بستر گول کردیا،اگلی ہی گیند پر الیاس بھی 9 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، اس سے قبل نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلے جارہے پی ایس ایل 5 کے ایلیمینیٹر ٹو میں ملتان سلطانز نے لاہورقلندرز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور تمیم اقبال نے اننگز کا آغاز کیا تاہم قلندرز کی پہلی وکٹ 46 رنز پر گری جب تمیم اقبال 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ،کپتان سہیل اختر بھی محض 5 رنز بنانے کے بعد رائیلی روسو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ اور فخر زمان نے لاہور کا سکور 94 رنز پہنچایا اور جس کے بعد وہ 19 رنز بنا کر شاہد آفریدی کو وکٹ دے کر چلے گئے، فخر زمان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 46 رنز بنائے جس کے بعد وہ بھی پوویلین لوٹ گئے، شاہد آفریدی نے بین ڈنک کو چکما دیکر بڑی وکٹ حاصل کی ۔ڈیوڈ ویزے اور سمت پٹیل بہترین بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو بہترین مجموعے تک پہنچادیا۔ سمت پٹیل آخری اوور میں 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ڈیوڈ ویزے نے 21 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 48 رنز بنائے جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے اور لاہور قلندرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد آفریدی نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔لاہور قلندرز کی ٹیم سہیل اختر (کپتان)، فخرزمان، تمیم اقبال، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیو ویزے، محمد فیضان، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور دلبر حسین پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، ذیشان اشرف، ایڈم لائیتھ، ریلی روسو، روی بوپارا، خوشدل شاہ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر، محمد الیاس، عمران طاہراور جنید خان شامل ہیں۔پاکستان سپر لیگ 5 کے دوسرے ایلیمینیٹر میں کامیاب ہونے والی ٹیم 17 نومبر کو فائنل میں کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی۔ واضح رہے کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ 5 کو 30 میچز کے بعد مارچ میں ادھورا چھوڑنا پڑا تھا، 8 ماہ بعد ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ کرنے کیلیے مقابلے شروع ہوچکے ہیں اور باقی میچز تماشائیوں کے بغیر نیشنل سٹیڈیم ،کراچی میں کھیلے جارہے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close