پاکستان نے زمبابوے کو ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دیدی،تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی کب اور کہاں کھیلا جائے گا؟

راولپنڈی(آئی این پی)پاکستان نے زمبابوے کو ون ڈے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شکست دیدی۔پاکستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں8وکٹوں سے شکست دیکر 3میچوں کی سیریز میں2-0کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔پاکستان نے 135رنز کا ہدف15.1اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔پاکستان کی

جانب سے حیدر علی66اور کپتان بابر اعظم51رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔پاکستان کی جانب سے ناقابل شکست66رنز بنانے والے حیدر علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی (کل)منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔اتوار کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ،زمبابوے نے اننگز کا آغاز کیا تو حارث رئوف نے میچ کے دوسرے ہی اوور میں برینڈ ٹیلر کی اہم وکٹ حاصل کر لی۔کپتان چمو چبابا اور شان ولیمز نے دوسری وکٹ کے لیے 25رنز جوڑ کر اسکور کو 30 تک پہنچایا ہی تھا کہ زمبابوین کپتان کو بھی حارث نے چلتا کردیا۔زمبابوین ٹیم ابھی اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ فہیم اشرف نے پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے ان فارم شان ولیمز کی وکٹیں بکھیر دیں۔اسکور 65تک پہنچا تو دوسرا ٹی20 میچ کھیلنے والے عثمان قادر نے اپنے ایک ہی اوور میں سکندر رضا اور گزشتہ میچ میں 70رنز کی اننگز کھیلنے والے ویزلے میڈھویرے کو پویلین لوٹا دیا اور زمبابوے کی ٹیم پانچ وکٹیں گنوا بیٹھی۔ریان بوری نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے 32رنز بنائے اور ٹیم کو قدرے بہتر ہدف دینے میں مدد کی جبکہ چیگمبورا 18 رنز بنا کر آٹ ہوئے۔زمبابوے نے مقررہ اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بنائے۔پاکستان کی جانب سے حارث رئوف اور عثمان قادر نے 3،3 جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔135رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا۔پاکستان کو اننگز کے آغاز پر ہی نقصان اٹھانا پڑا جب 10رنز کے مجموعی سکور پر فخرزمان5رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہو گئے۔نئے آنے والے بلے باز حیدر علی نے کپتان بابر اعظم کیساتھ ملکر دوسری وکٹ کیلئے100رنز کی پارٹنر شپ قائم کی اور ٹیم کا سکور110رنز تک پہنچا دیا۔کپتان بابر اعظم28گیندوں پر 1چھکے اور8چوکوں کی مدد سے51رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔قومی ٹیم نے 135رنز کا ہدف15.1اوورز میں 2وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔نوجوان بلے باز حیدرعلی43گیندوں پر3چھکوں اور6چوکوں کی مدد سے66رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ خوشدل شاہ نے11رنز بنائے۔زمبابوئے کی جانب سے بلیسنگ موذرربانی نے2وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کی جانب سے ناقابل شکست66رنز بنانے والے حیدر علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے مابین تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی (کل)منگل کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close