لاہور (پی این آئی ) پاکستان کے مایہ ناز امپائر علیم ڈار نے زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کرنے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے ۔ 52 سالہ علیم ڈار نے اتوار کو پاکستان اور زمبابوے کے میچ میں 210 ویں مرتبہ بطور ون ڈے امپائر خدمات سرانجام دیں جس کے ساتھ ہی وہ زیادہ ون ڈے میچز میں امپائرنگ کرنے کا سابق
جنوبی امپائر روڈی کرٹزن کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے جنہوں نے 1992ء سے 2010ء کے دوران 209 میچز میں امپائرنگ کے فرائض سرانجام دیئے تھے۔اس سے قبل علیم ڈار نے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان پرتھ ٹیسٹ میں سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کے فرائض انجام دینے کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا تھا ۔ اس سے قبل سب سے زیادہ ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کا ریکارڈ سابق ویسٹ انڈین امپائر سٹیو بکنر کے پاس تھا جنہوں نے 128 ٹیسٹ میچوں میں امپائرنگ کی ۔ٹی ٹونٹی میچوں میں علیم ڈار 46 میچز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ پہلے نمبر پر پاکستان ہی کے احسن رضا ہیں جنہوں نے 49 ٹی ٹونٹی میچوں میں امپائرنگ کی ہے۔مجموعی طور پر علیم ڈار نے387 بین الاقوامی میچز میں امپائرنگ کی ہے جو دنیا میں کسی بھی کرکٹ امپائر سے زیادہ ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے خواہمشمند سابق کرکٹر نے کرکٹ کیریئر میں زیادہ مواقع نہ ملنے پر امپائرنگ کو بطور پیشہ اپنا لیا اور ہر گزرتے دن کے ساتھ نت نئے ریکارڈز اپنے نام کرتے گئے۔ علیم ڈار نے اپنے انٹرنیشنل امپائرنگ کیریئر کا آغاز 2000ء میں گوجرانوالہ میں سری لنکا اور پاکستان کے درمیان کھیلے گئے ون ڈے میچ سے کیا ۔لگاتار 3 سال تک آئی سی سی کے بہترین امپائرنگ کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار 46 ٹی ٹونٹی میچوں میں بھی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ 2003ء میں انگلینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈھاکا میں کھیلے گئے میچ سے اپنے ٹیسٹ امپائرنگ کیریئر کا آغاز کرنے والے پاکستانی امپائر نے کہا کہ میں انٹرنیشنل کرکٹر بننا چاہتا تھا اور اسی لیے گوجرانوالہ سے لاہور منتقل ہوا جہاں میں اسلامیہ کالج سول لائن سے بحیثیت بلے باز منتخب ہونے والا پہلا کھلاڑی تھا اور میرے ساتھ اسی کالج سے وسیم اکرم بحیثیت باؤلر منتخب ہوئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فیملی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکر گزار ہوں ،خوشی کی بات ہے کہ سب سےزیادہ ون ڈے میچز سپر وائزکرنے کا اعزاز ملا ہے ۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں